پاکستان
Time 04 اکتوبر ، 2017

کراچی میں مزید 4 خواتین چھری کے وار سے زخمی

کراچی: گلستان جوہر  اور گلشن اقبال کے مختلف علاقوں میں ڈیڑھ گھنٹے کے دوران 4 خواتین کو چھریوں کے وار سے زخمی کردیا گیا۔

شہر میں خواتین پر چھری سے حملہ کرنے کی وارداتوں میں ایک دم تیزی آگئی ہے اور ڈیڑھ گھنٹے میں 13 سالہ بچی سمیت 4 خواتین کو چھری کے وار سے زخمی کیا گیا ہے۔

 جب کہ خواتین کو چھری سے زخمی کرنے کا پہلا واقعہ گلشن جمال، دوسرا نیپا ، تیسرا ڈالمیا اور چوتھا گلشن اقبال میں پیش آیا۔

خواتین پر چھری سے حملے کی پہلی واردات گلشن جمال کے علاقے میں ہوئی جہاں موٹر سائیکل سوار حملہ آور نے خاتون کو گھر کے سامنے چاقو سے زخمی کیا اور فرار ہوگیا۔

زخمی خاتون کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جب کہ واقعے کے چند منٹوں بعد نیپا چورنگی کے قریب چھری کے وار سے ایک اور طالبہ پر حملہ کیا گیا۔

زخمی لڑکی اردو یونیورسٹی کی طالبہ ہے جسے طبی امداد کے لیےقریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔

تیسرا واقعہ ڈالمیا کے قریب پیش آیا جہاں لڑکی کو چاقو کے وار سے زخمی کیا گیا جنہیں طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔

چھری کے وار سے زخمی کرنے کی چوتھی واردات گلشن اقبال کے علاقے ویلفیئر کالونی میں ہوئی جہاں 13 سالہ بچی کو گھر کے قریب نشانہ بنایا گیا۔

زخمی بچی کی والدہ کے مطابق بیٹی قریبی پارک سے گھر واپس آرہی تھی کہ  چھری کے وار سے زخمی کیا گیا جب کہ بیٹی کو کمر پر زخم آیا ہے اور جناح اسپتال میں طبی امداد دی گئی۔

لڑکیوں پر چھری کے وار سے زخمی کرنے کا پہلا واقعہ نہیں ہے اور گزشتہ 9 روز میں گلستان جوہر و قرب و جوار میں خواتین پر حملہ کرنے کی 13 واردات رونما ہوچکی ہیں۔

مزید خبریں :