پاکستان
14 جولائی ، 2012

میثاق جمہوریت کی پہلے خلاف ورزی نواز شریف نے کی، شرجیل میمن

میثاق جمہوریت کی پہلے خلاف ورزی نواز شریف نے کی، شرجیل میمن

کراچی … صوبائی وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری نے اپنے تمام اختیارات پارلیمنٹ کو دے دیئے ہیں،میثاق جمہوریت کی سب سے پہلے خلاف ورزی نواز شریف نے کی۔ پیپلز پارٹی کے میڈیا سیل میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ نواز شریف کرپشن کے بادشاہ ہیں،نواز شریف نے موٹر وے پروجیکٹ میں 140 ملین ڈالر کا کمیشن لیا۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن اس ملک میں ہے، اس سے پہلے نواز شریف کے دور میں بھی تھی لیکن کرپشن صر ف پیپلز پارٹی کے خلاف نظر آتی ہے،صرف لیپ ٹاپ اسکینڈل میں کروڑوں روپے کا گھپلا ہوا، 32 ہزار روپے والا لیپ ٹاپ 62 ہزار روپے کا کہہ کر تقسیم کیا گیا، سستی روٹی کے نام پر عوام کے کروڑوں روپے کھائے گئے۔ شرجیل میمن نے کہا کہ شہباز شریف نے 16 وزارتوں پر قبضہ کیا ہوا ہے،ملک میں جو تبدیلی لانی تھی وہ پیپلز پارٹی لا چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال پہلے سے زیادہ خراب ہے، ہر دور میں احتساب صرف پیپلز پارٹی کا ہوتاہے،نواز شریف، شہباز شریف اور ان کے اہل خانہ کا احتساب نہیں کیا جاتا۔ اس موقع پر وزیر ایکسائز مکیش کمار چاوٴلہ نے کہا کہ ملک کے اعلیٰ عہدوں کی میوزیکل چیئر صر ف شریف برادارن اور ان کے خاندان کے گرد کھومتی ہے ، آئین کو اصل حالت میں بحال کرنے کا سہرا پیپلزپارٹی کے سر ہے۔

مزید خبریں :