22 اکتوبر ، 2017
سندھ کے 5 مختلف شہروں میں میڈیکل یونیورسٹیز اور کالجوں میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ داخلہ ٹیسٹ لیا گیا۔
کراچی، حیدرآباد، سکھر، لاڑکانہ اور نوابشاہ میں مختلف میڈیکل یونیورسٹیز اور ڈینٹل کالجز کے لئے انٹری ٹیسٹ لئے گئے۔
کراچی میں ڈاؤ میڈیکل، جناح میڈیکل، لیاری میڈیکل کالج، کے ایم ڈی سی اور ڈاکٹر عشرت العباد ڈینٹل کالجز میں داخلوں کے لئے این ای ڈی یونیورسٹی میں ٹیسٹ لیا گیا۔
ایم بی بی ایس کے لیے ایک ہزار 50 اور بی ڈی ایس کی 300 نشستوں کے لئے 6 ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے ٹیسٹ میں حصہ لیا۔
حیدرآباد میں لیاقت میڈیکل یونیورسٹی اینڈ ہیلتھ سائنسز میں داخلوں کے لئے پبلک اسکول حیدرآباد میں ٹیسٹ لیا گیا جہاں 5 ہزار سے زائد طلبا و طالبات نے امتحان دیا۔
لاڑکانہ میں چانڈکا میڈیکل کالج اور آصفہ ڈینٹل کالج کا انٹری ٹیسٹ پولیس ٹریننگ اسکول میں لیا گیا، چانڈکا کالج کی 200 اور آصفہ ڈینٹل کالج کی 50 نشستوں کے لئے مجموعی طور پر 4 ہزار 700 طلبا و طالبات نے امتحان دیا۔
نواب شاہ میں پیپلز میڈیکل یونیورسٹی برائے خواتین میں 250 نشستوں کے لئے 1100 امیدواروں نے ٹیسٹ دیا۔
سکھر میں 5 مختلف میڈیکل کالجز کے لئے این ٹی ایس کے تحت انٹری ٹیسٹ کا انعقاد پبلک اسکول میں کیا گیا جس میں 3 ہزار 200 سے زائد امیدواروں نے حصہ لی، ٹیسٹ میں سکھر، خیرپور، گھوٹکی، شکارپور، جیکب آباد اور دیگر اضلاع سے طلبا نے شرکت کی۔