03 نومبر ، 2017
لندن: وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ویسٹ لندن کے اسپتال میں داخل کرلیے گئے ہیں جہاں ان کی اینجیوپلاسٹی کیے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ اسحاق ڈار بدھ کو بھی اسپتال آئے تھے اور اینجیوگرافی کی گئی تھی، اسحاق ڈار گزشتہ ہفتے تفصیلی معائنے کے لیے تین بار اسپتال آئے تھے۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹروں نے اسحاق ڈار کو لندن میں قیام بڑھانے کی ہدایت کی ہے اور ترجیحی بنیادوں پر علاج کی درخواست کی ہے۔
اسحاق ڈار کے ساتھ ان کے بیٹے علی ڈار اور دیگر اہل خانہ بھی موجود ہیں۔
علی ڈار کی اہلیہ اسماء اپنی والدہ بیگم کلثوم نواز کی دیکھ بھال کے سلسلے میں لندن کے ایک ہسپتال میں موجود ہیں۔
اسحاق ڈار کے وکیل نے نیب عدالت کو بتایا تھا کہ ان کے موکل لندن میں موجود ہیں اور علاج کروارہے ہیں اور جمعے یعنی کے آج ان کا میڈیکل چیک اپ ہوگا۔
واضح رہے کہ نیب نے پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس دائر کیا ہے۔