13 نومبر ، 2017
کراچی: سندھ اسمبلی میں اپوزیشن نے ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا۔
سندھ اسمبلی کے اجلاس میں روزانہ کی بنیاد پر اپوزیشن اور ڈپٹی اسپیکر شہلا رضا کےدرمیان نوک جھوک کا سلسلہ معمول بن گیا ہے، کبھی ڈپٹی اسپیکر کسی رکن کو بیٹا کہہ کر پکارتی ہیں تو کبھی رکن انہیں امی جان کہہ کر مخاطب کردیتا ہے۔
ڈپٹی اسپیکر اور اپوزیشن کے درمیان اسمبلی میں روزانہ کی جھڑپ اب سنجیدہ معاملہ اختیار کرگئی ہے اور اپوزیشن نے شہلا رضا کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
جیونیوز کے مطابق سندھ اسمبلی میں چاروں اپوزیشن جماعتوں، ایم کیوایم پاکستان، فنکشنل لیگ، مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف منگل کے روز اسمبلی اجلاس کے دوران ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائیں گی جو کسی بھی ایک اپوزیشن جماعت کے رہنما کی جانب سے پیش کی جائے گی۔
اپوزیشن کا مؤقف ہے کہ ڈپٹی اسپیکر کا ان کے ساتھ رویہ درست نہیں، شہلا رضا اپوزیشن کے سوالات نہیں سنتیں اور انہیں ایجنڈے سے باہر کردیتی ہیں جب کہ حکومتی ارکان کے تمام سوالات شامل کیے جاتے ہیں۔
مسلم لیگ فنکشنل کی رکن نصرت سحر عباسی کا کہنا ہےکہ شہلا رضا کا ان سے خاص طور پر رویہ درست نہیں ہے۔