13 نومبر ، 2017
کراچی: شہر قائد کے علاقے مومن آباد میں گزشتہ رات منشیات فروشوں کےخلاف کارروائی کا دعویٰ کرنے والی پولیس پارٹی کی مبینہ فائرنگ سے ایک 14 سالہ لڑکا جاں بحق ہوگیا۔
پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرنے کے بعد 4 پولیس اہلکاروں کو لاک اپ کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
واقعے کے حوالے سے پولیس اور اہل علاقہ کی طرف سے متضاد دعوے سامنے آئے۔
ابتدا میں پولیس حکام نے موقف اپنایا کہ ریحان منشیات فروشوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا، لیکن اہل علاقہ نے پولیس کا یہ دعویٰ مسترد کردیا۔
عینی شاہدین کا کہنا تھا کہ نشے میں دھت پولیس اہل کاروں نے بچوں پر تشدد کیا اور ایس ایچ او کے کہنے پر فائرنگ کی۔
جس پر سپرنٹنڈنٹ پولیس (ایس پی) اورنگی عابد بلوچ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ریحان کی ہلاکت کا دعویٰ کرنے والی پولیس پارٹی کے اہلکاروں میں سے 4 کو لاک اپ کردیا۔
دوسری جانب بچے کے والد کی مدعیت میں واقعے کا مقدمہ مومن آباد تھانے میں درج کرلیا گیا۔
مقتول کے اہلخانہ اور علاقہ مکینوں نے مومن آباد تھانے کے باہر احتجاج بھی کیا تاہم یقین دہانی پر مظاہرین منتشر ہوگئے۔