22 نومبر ، 2017
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفی کمال نے کہا ہے کہ ہر کام آپریشن سے اور لوگوں کو مار کر ٹھیک نہیں ہوگا، کراچی میں آپریشن ہو رہا ہے مگر لوگوں کے بنیادی مسائل حل نہیں ہورہے۔
مصطفی کمال نے پارٹی کے دیگر رہنماوں کے ہمراہ کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ریاست چلانے والوں کی ذمہ داری ہے کہ عوام کی دہلیز پر ان کے مسائل حل کئے جائیں۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں کو حکومت چلانے کے عمل میں شامل کیا جائے، ہر کام آپریشن سے اور لوگوں کو مار کر ٹھیک نہیں ہوگا۔
مصطفی کمال کا کہنا تحا کہ بلوچستان میں نیشنل ایکشن پلان پر صحیح معنوں میں کام نہیں ہو رہا ہے، یہاں آپریشن نہیں بلکہ گڈگورننس کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ڈھائی کروڑ بچے اسکول نہیں جا رہے ہیں جبکہ غذائی قلت کے باعث ہر سال ساڑھے 3 لا کھ بچے مرجاتے ہیں، جب لوگوں کے بنیادی مسائل حل نہیں ہوں گے تو لوگ دہشتگرد بن جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ حکمران آج اپنی نااہلی کی وجہ سے کل کے دہشتگرد پیدا کررہے ہیں۔
مصطفی کمال نے کہا کہ ا پنے مسائل کے حل کے لئے لوگوں کو آگے بڑھنا ہوگا، خاموشی سے ظلم سہنے والے ظالم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ میں اور میرے ساتھی وقت کے فرعونوں کے سامنے ڈٹ کے کھڑے ہو گئے۔