دنیا
Time 28 نومبر ، 2017

پاکستان کی سعودی عرب کو خطے میں استحکام کیلئے تعاون کی یقین دہانی

ریاض: پاکستان نے سعودی عرب کو خطے میں امن و استحکام کے لیے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ 

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی دارالحکومت ریاض میں شاہ سلمان سے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں وزیر خارجہ خواجہ آصف، سربراہ پاک فوج جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار بھی شامل تھے۔ 

دونوں ممالک کے سربراہان کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا، اس موقع پر مختلف شعبوں میں تعاون  اور فروغ پر بھی بات چیت کی گئی۔

وزیراعظم نے سعودی قیادت کو خطے میں امن و استحکام کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی جب کہ سعودی شاہ سلمان نے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر سعودی ولی عہد نے کہا کہ سعودی عرب اور اسلامی عسکری اتحاد میں شامل دیگر ممالک دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیے پاکستان کے تجربات سے استفادہ کرنے کے لیے تیار ہیں ۔

شاہد خاقان عباسی نے ولی عہد کے ویژن 2030 کے حصول کے لئے تکنیکی اور انسانی وسائل کی فراہمی کی بھی پیش کش کی۔

مزید خبریں :