Time 28 نومبر ، 2017
کھیل

پی سی بی اراکین کی مراعات میں اضافے کی تجویز سامنے آگئی

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین پہلے ہی پرکشش مراعات حاصل کرتے ہیں اور اب انہیں حاصل مراعات اور سہولتوں میں اضافے کے لئے ایک اور تجویز سامنے آئی ہے۔

ملک کی بڑی ملٹی نیشنل یا سرکاری کمپنیوں کی طرز پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے اراکین اور چیئرمین کی مراعات میں اضافے کے لئے نیا پیپر ورک تیاری کے مرحلے میں ہے، جس کے بعد ان کی مراعات میں کئی گنا اضافہ کردیا جائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے منگل کو لاہور میں ہونے والے اجلاس میں گورننگ بورڈ کے رکن عارف اعجاز اور چیف فنانشل آفیسر بدر منظور پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے ۔

جیو کے پاس بی او جی کے 46ویں اجلاس کے منٹس کی دستاویز موجود ہیں، ان دستاویز کے مطابق تجاویز سامنے  آنے کے بعد بورڈ کے چیئرمین اور بی او جی کے اراکین کی فائیو اسٹار لگژری میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔

اجلاس میں چیف آپریٹنگ آفیسر نے اراکین کو چیئرمین اور اراکین کی مراعات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ یہ مراعات کئی سال پرانی ہیں۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کے کئی اراکین کی اس تجاویز سے اتفاق کیا گیا کہ پی سی بی کے آڈیٹر میسرز ڈی لیوٹ یوسف عادل کو یہ ذمے داری سونپی جائے کہ وہ مارکیٹ کا سروے کر کے نئی مراعات کے بارے میں ایک تفصیلی رپورٹ پیش کرے۔ اس وقت بورڈ کے چیئرمین، چیف ایگزیکٹیو کی جو مراعات ہیں ان کا موازنہ ان بڑی سرکاری اور غیر سرکاری کمپنیوں سے کیا جائے جن کا سالانہ ٹرن اوور چار سے پانچ بلین ہو۔

اسی کو بنچ مارک بنا کر چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو کی مراعات کا شیڈول ترتیب دیا جائے، ان میں چیئرمین، چیف ایگزیکٹیو اور بورڈ آف گورنرز کے اراکین کا ڈیلی الاونس، میٹنگ الاونس، ٹریول انٹر ٹینمنٹ (ملک اور بیرون ملک) پر کمیٹی نظر ثانی کرے گی۔

عارف اعجاز جن کا تعلق کارپوریٹ سیکٹر سے ہے وہ سی ایف ایف او کے ساتھ ملک کر مارکیٹ کا جائزہ لیں گے اور نئی سفارشات مرتب کریں گے۔ 

ذمے دار ذرائع کا کہنا ہے اس وقت بورڈ آف گورنرز کے مراعات پر کشش بتائی جاتی ہیں، بی او جی اراکین کو ڈیلی الاؤنس کی مد میں دس ہزار روپے ملتے ہیں، میٹنگ والے دن ڈیلی الاؤنس دس ہزار کے علاوہ بیس ہزار روپے میٹنگ الاؤنس ملتا ہے۔

پاکستان میں بی او جی اراکین کو بزنس کلاس کا جہاز کا ٹکٹ یا سفر کے لئے لگژری کار ملتی ہے، اگر بی او جی کے اراکین کسی کمیٹی کی میٹنگ میں شرکت کے لئے آتے ہیں انہیں یومیہ دس ہزار روپے اور بیس ہزار روپے میٹنگ الاؤنس ملتا ہے۔

ملک کی طرح بیرون ملک بھی مراعات پر کشش ہیں، بیرون ملک کا ڈیلی الاؤنس چھ سو امریکی ڈالرز ہے، اگر بورڈ کسی رکن کے ہوٹل کا انتظام کرتا ہے تو اسے یومیہ الاؤنس تین سو ڈالرز ملے گا۔

انگلینڈ میں ڈیلی الاؤنس 900 ڈالرز ہے، دستاویز کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین نجم سیٹھی نے تمام کمیٹیاں تحلیل کردیں تھیں۔نئی کمیٹیوں کا اعلان اگلے چند ماہ میں کردیا جائے گا۔

اس وقت پاکستان کرکٹ بورڈ ،گورننگ بورڈ میں نجم عزیز سیٹھی،عار ف اعجازوزیر اعظم کے نامزد کردہ ہیں۔واپڈا کی نمائندگی لیفٹنٹ جنرل (ر)مزمل حسین،حبیب بینک کے نعمان ڈار،سوئی سدرن گیس کے مفتاح اسماعیل، یو بی ایل کے منصور مسعود خان، کوئٹہ کے مراد اسماعیل، سیالکوٹ کے محمد نعمان بٹ اور لاہور ریجن کے شاہ ریز عبداللہ خان روکڑی شامل ہیں۔

یہ بورڈ ملک میں کرکٹ کا سب سے بڑا پالیسی ساز ادارہ ہے، بورڈ نے آڈٹ کمیٹی کا اعلان کردیا ہے جس کے سربراہ عارف اعجاز ہیں جبکہ ایچ آر کمیٹی بھی تشکیل کے آخری مراحل میں ہے اس کمیٹی کی صدارت بھی عارف اعجاز کو سونپی جارہی ہے۔

مزید خبریں :