Time 29 نومبر ، 2017
پاکستان

کراچی: وزیر اعظم نے پورٹ قاسم میں پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا

کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کراچی میں پورٹ قاسم کے مقام پر سی پیک کے تحت تعمیر ہونے والے پاور پلانٹ کا افتتاح کردیا ہے۔

حکام کے مطابق پلانٹ کے پہلے یونٹ سے قومی گرڈ کو 660 میگاواٹ بجلی ملے گی جبکہ دونوں یونٹس سے مجموعی طور پر 1320 میگاواٹ بجلی حاصل ہوگی۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پورٹ قاسم سی پیک کے تحت مکمل ہونے والا پہلا منصوبہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک ایک حقیقت ہے اور آئندہ آنے والے پاکستان کی معاشی ترقی کا اہم حصہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ پورٹ قاسم پر بجلی گھر کا افتتاح پاک چین تعلقات میں ایک اور سنگ میل ہے، پورٹ قاسم پاور پلانٹ سستی بجلی پیدا کررہا ہے۔

شاہد خاقان عباسی نے دعویٰ کیا کہ آج پاکستان میں بجلی کی پیداوار ضرورت سے زیادہ ہے، 2013 میں ن لیگ کی حکومت آئی تو 16گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ معمول تھی۔

وزیراعظم نے کہا کہ فروری 2018 تک ہم دوسرے پاور پلانٹ کا بھی افتتاح کریں گے، 2000 میگاواٹ متبادل ذرائع سے توانائی حاصل کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ چوتھا ایل این جی بجلی گھر پہلے کے مقابلے میں 50 فیصد سستا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گوادر پورٹ پر اربوں روپے کے منصوبے لگائے جارہے ہیں۔

وزیر اعظم نے تقریب میں قطری شہزادے کی شرکت پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

اس سے قبل وزیر اعظم آج ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچے۔

وزیراعظم گورنر ہاؤس میں امن وامان پر اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کے علاوہ کراچی پیکیج پر اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔

اجلاس میں گورنر سندھ، وزیراعلیٰ سندھ، میئر کراچی سمیت دیگر حکام شرکت کریں گے۔

مزید خبریں :