Time 30 نومبر ، 2017
پاکستان

نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کی لاہور آمد

جنوبی افریقہ کے رکن پارلیمنٹ مانڈلا منڈیلا (دائیں) اپنے دادا نیلسن منڈیلا (بائیں) کے ہمراo—۔فائل فوٹو

لاہور: جنوبی افریقہ کے رکن پارلیمنٹ اور سابق صدر نیلسن منڈیلا کے پوتے مانڈلا منڈیلا کے قبول اسلام کے بعد مدینہ سے لاہور آمد پر ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔

لاہور کے علامہ اقبال ایئرپورٹ پر مانڈلا منڈیلا کے استقبال کے لیے پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری کے صاحبزادے محی الدین اور پی  اے ٹی رہنما خرم نواز گنڈا پور سمیت دیگر افراد موجود تھے۔

ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مانڈلا منڈیلا کا کہنا تھا کہ پاکستان آکر انہیں بہت خوشی ہورہی ہے۔

مانڈلا منڈیلا نے کہا کہ جنوبی افریقہ میں رگبی اور فٹ بال کے ساتھ کرکٹ بہت شوق سے کھیلی جاتی ہے، پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ سے پابندیاں ہٹنے کے ساتھ ہی وہ بطور رکن پارلیمنٹ پوری کوشش کریں گے کہ دونوں ممالک آپس میں کرکٹ  کھیلیں۔

ساتھ ہی انہوں نے امید ظاہر کی کہ جلد ہی ان کی ٹیم پاکستان آئے گی۔

اس موقع پر انہوں نے نیلسن منڈیلا کو بھی یاد کیا اور کہا کہ 'میرے دادا نے جس طرح جمہوریت کی بحالی کے لیے کوشش کی وہ قابل قدر ہے'۔

مانڈلا منڈیلا کا کہنا تھا کہ دائرہ اسلام میں آنے کے بعد ان میں بہت بدلاؤ آیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی عوام کے ساتھ جشن عید میلاد النبی ﷺ منانا ان کے لیے فخر کی بات ہے اور وہ کسی سیاسی سرگرمی کے لیے پاکستان نہیں آئے۔

رپورٹس کے مطابق مانڈلا منڈیلا، مینار پاکستان پر پاکستان عوامی تحریک کے زیر اہتمام تاجدار ختم نبوت کانفرنس میں شرکت کرنے کے ساتھ ساتھ اپنا نیا نام بھی رکھیں گے۔

واضح رہے کہ مانڈلا منڈیلا نے 2016 میں اسلام قبول کیا تھا۔


مزید خبریں :