Time 30 نومبر ، 2017
پاکستان

ناقص پیٹرول پر اوگرا کی رپورٹ تحقیقاتی کمیٹی کو پیش

اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے ناقص پیٹرول سے متعلق رپورٹ متعلقہ کمیٹی کو پیش کردی ہے۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیر اعظم کی ہدایت پر ایڈیشنل سیکرٹری پیٹرولیم کی سربراہی میں کمیٹی نے اجلاس میں موقف اختیار کیا کہ ایک نمونے کی رپورٹ پر کسی فیصلے پر نہیں پہنچ سکتے۔

کمیٹی نے اجلاس کے دوران اوگرا کو بڑے پیمانے پر پیٹرول نمونوں کا جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرول میں مینگنیز کےمقدار کی کوئی حد مقرر نہیں، کمیٹی اس کی مقدار کی حد مقرر کرنے کی سفارش کرے گی۔

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اوگرا نے کراچی کی ایک لیباٹرری سے پیٹرول کی ٹیسٹنگ کرائی۔

خیال رہے کہ رواں ماہ کے آغاز میں ملک بھر میں پیٹرول پمپس پر کھلے عام ناقص پیٹرول فروخت کیے جانے کا انکشاف ہوا تھا۔

کار ساز کمپنی ہنڈا کی جانب سے ملک بھر میں ناقص پیٹرول کی کھلے عام سپلائی کی شکایت کی گئی ہے۔

ہنڈا کمپنی کی جانب سے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو تحریری شکایت میں بتایا گیا ہے کہ پیٹرول میں مینگنیز نامی عنصر مطلوبہ مقدار سے زیادہ ہے۔

ہنڈا کے بعد دیگر کار کمپنیوں نے بھی غیر معیاری پیٹرول پر اوگرا کو شکایت کی تھی۔

مزید خبریں :