Time 03 دسمبر ، 2017
پاکستان

کراچی: سی ویو پر فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق، مفرور 4 ملزمان گرفتار

— فوٹو:اسکرین گریپ

کراچی کے علاقے سی ویو کے قریب فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد پولیس نے 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔ 

نمائندہ جیو نیوز کے مطابق کراچی کے ساحلی مقام سی ویو روڈ پر ریس کے دوران 2 کار سواروں میں جھگڑا ہوا اور ریسنگ کے دوران ایک گاڑی نے دوسری کو ٹکر مار دی۔

حادثے کے بعد گاڑی میں سوار افراد نے دوسری گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک شخص موقع پر جاں بحق اور دوسرا زخمی ہوگیا۔

فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت 26 سالہ ظافر اور زخمی کی زید کے نام سے ہوئی ہے۔

فائرنگ کے بعد ملزمان جائے وقوعہ سے فرار ہوگئے، پولیس کے مطابق واقعے کی جگہ سے نائن ایم ایم پستول کے دو خول ملے ہیں جب کہ گاڑی پر 9 سے زائد گولیوں کے نشانات ہیں۔

ایس ایس پی ساؤتھ جاوید اکبر ریاض کا کہنا ہے کہ سی ویو میں گاڑی پر فائرنگ میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم کی شناخت واحد برنی کے نام سے ہوئی ہے اور واقعے میں استعمال ہونے والی ڈبل کیبن گاڑی بھی برآمد کرلی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملزمان کو خالد بن ولید روڈ سے گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے اسحلہ بھی برآمد ہوا۔

قتل کی تحقیقات کرنے والے پولیس کے فارنزک ماہرین کا کہنا ہے ملزمان نے پہلے گاڑی روکنے کے لیے پیچھے سے بیک اسکرین اور ٹائروں پر فائرنگ کی۔

ان کا کہنا ہے کہ گاڑی رکنے کے بعد بائیں جانب سے مزید گولیاں ماری گئیں۔

پولیس کے مطابق ملزموں کی ڈبل کیبن کی شناخت پٹرول پمپ پر لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد سے ہوئی۔

دوسری جانب وزیر داخلہ سندھ سہیل انور سیال نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ایڈیشنل آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی۔

مزید خبریں :