Time 08 دسمبر ، 2017
کاروبار

انٹربینک مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ

کراچی: ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافے کے باوجود مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ دیکھا گیا اور ڈالر 110 روپے تک پہنچ گیا۔

انٹربینک مارکیٹ فاریکس مارکیٹ میں کاروبار کے آغاز سے ڈالر کی مانگ رہی۔ کاروبار کے آغاز پر ایک ڈالر 105 روپے پچاس پیسے کا تھا لیکن شرح تبادلہ دیکھتے ہی دیکھتے ساڑھے 4 روپے بڑھ کر 110 روپے تک پہنچ گئی تاہم اس موقع پر ڈالر کی سپلائی نے ریٹ کو 108 روپے تک پہنچا دیا۔

انٹر بینک ذرائع کے مطابق ڈالر ریزرو بڑھنے کے باوجودروپے کی قدر کم ہونا سمجھ سے بالا تر ہے۔

مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہےکہ ڈالر 10 پیسے مہنگا ہونے پر اسٹیٹ بینک چوکنا ہوجاتا ہے، تھوڑی دیر میں روپے کی قدر ساڑھے 4 روپے کم ہونا یہ بتا رہی ہے کہ ڈالر مہنگا ہونا وزارت خزانہ اور اسٹیٹ بینک کی مرضی سے ہے کیونکہ آئی ایم ایف سے حال ہی میں مذاکرات ہوئے ہیں اور عالمی ادارہ ایک عرصے سے روپے کی قدر میں کمی کا تقاضہ کررہا ہے۔

ترجمان اسٹیٹ بینک کے مطابق شرح تبادلہ کا تعین مارکیٹ کر رہی ہے اور  مرکزی بینک شرح تبادلہ پر نظر رکھے ہوئے ہے۔

مزید خبریں :