پاکستان
Time 09 دسمبر ، 2017

محکمہ موسمیات کی آئندہ ہفتے مختلف شہروں میں بارش کی پیشگوئی

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہےکہ ملک کےمختلف شہروں میں سردی کی شدت میں اضافہ ہوا ہے جب کہ آئندہ ہفتے کے دوران مختلف شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اتوار سے ملک میں مغربی ہوائیں داخل ہوں گی، اتوار اور پیر کو شمالی بلوچستان سمیت بالائی سندھ میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے جس سے سردی میں اضافہ ہوگا۔

محکمہ موسمیات نے پیر، منگل کو مری اور گلیات میں موسم سرما کی پہلی برفباری کی پیشگوئی بھی کی ہے، پیر سے بدھ خیبر پختونخوا، فاٹا، اسلام آباد، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجہ حرارت 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، شہر میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی موسم خشک اور رات میں سردی رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہےکہ کراچی میں  شمال مشرقی علاقوں سے ہلکی ہوائیں چل رہی ہیں اور ہوا میں نمی کا تناسب 18فیصد ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور، تربت اور بہاولپور میں درجہ حرارت 9، ملتان، سیالکوٹ اور نواب شاہ میں 10 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

سکھر میں درجہ حرارت 6 اور فیصل آباد میں 8 جب کہ خان پور میں 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

مزید خبریں :