14 دسمبر ، 2017
لندن: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا اسمبلیاں مدت پوری نہ کرنے کے حوالے سے بیان ان کی ذاتی رائے ہے، حکومت اپنی مدت پوری کرے گی اور انتخابات اپنے مقررہ وقت پر ہی ہوں گی۔
گزشتہ روز جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق نے کہا تھا کہ اللہ کرے اسمبلیاں اپنی مدت پوری کریں لیکن لگتا نہیں کہ ایسا ہوگا، لگتا ہے کچھ ہونے والا ہے جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔
اسپیکر قومی اسمبلی نے نے کہا تھا کہ جو اب ہو رہا ہے نہ 2002 میں دیکھا اور نہ 2008 میں جبکہ انہوں نے موجودہ حالات میں گریٹر پلان کے خطرے کا بھی اظہار کیا۔
جمعرات کے روز دیگر ن لیگی رہنماؤں کے ہمراہ سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیراعظم نے کہا کہ حکومت کو کسی سے خطرہ نہیں ہے، ایاز صادق حالیہ عرصے میں جو ہوا اس حوالے سے ہی بات کررہے تھے، عدالت کا جو فیصلہ تھا اس سے ملکی سیاست اور معیشت پر فرق پڑا اس پر انہوں نے بات کی جس کو سیاق و سباق سے ہٹ کر لیا گیا۔
وزیراعظم، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور وزیر خارجہ خواجہ آصف کے ہمراہ ترکی سے لندن پہنچے تھے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جولائی میں الیکشن ہوں گے اور ان میں مسلم لیگ نواز کامیاب ہوگی، ہم عوام کے سامنے جواب دیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو کسی سے کوئی خدشہ نہیں، اسپیکر نے جو تحفظات کا ذکر کیا ان کی ذاتی رائے ہے۔
اس موقع پر خواجہ آصف نے کہا کہ جولائی میں الیکشن ہے، پتہ لگ جائے گا کون کتنے پانی میں ہے، کوئی عدم استحکام نہیں ہے، بجلی اور گیس پر وعدے پورے کیے، معیشت بھی ٹھیک ہے، ہر چیز درست سمت میں جارہی ہے۔
اس سے قبل نواز شریف لندن میں اپنے صاحبزادے حسن نواز کے دفتر پہنچے جہاں حسن نواز اور مریم نواز بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر ایک صحافی نے میاں نوازشریف سے سوال کیا کہ آج کوئی اہم فیصلہ متوقع ہے؟ جس پر نوازشریف مسکرادیئے اور جواب دیئے بنا چلے گئے۔
ملاقات سے قبل بھی وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کی۔
وزیراعظم نے کہا کہ لندن میں ایک اجلاس تھا تو نوازشریف سے ملنے بھی آگئے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اسمبلیوں کی مدت مکمل نہ کرنے والی بات ایازصادق کی ذاتی رائے ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو کوئی تحفظات ہیں تو دور کروں گا۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اپنی مدت پوری کرے گی، خطرات ہمیشہ رہتے ہیں اور جب سے پاکستان بنا ہے جمہوریت کو خطرات ہیں لیکن فکر نہ کریں۔
او آئی سی اجلاس سے متعلق سوال پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’ہمارا کام ہے اس مسئلے کو دنیا کے سامنے پیش کرنا ہے، اسلامی دنیا نے ایک واضح موقف لیا ہے، امید ہے امریکا ضرور کچھ سوچے گا‘۔
اس دوران خواجہ آصف سے بھی جب سوال کیا گیا تو ان کا بھی کہنا تھا کہ حکومت مدت پوری کرے گی، الیکشن جیت کر ان کی جماعت دوبارہ حکومت بنائے گی۔
لیگی اراکین کے استعفوں کے سوال پر وزیر خارجہ نے کہا کہ ابھی تک اسپیکر کے پاس کوئی استعفیٰ نہیں پہنچا۔
خیال رہے کہ وزیراعظم شاہد خان عباسی نے وفد کے ہمراہ استنبول میں ہونے والی اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سربراہ اجلاس میں شرکت کی تھی۔