19 دسمبر ، 2017
شریف فیملی کی جائیداد سے متعلق تفصیلات جمع کرنے والی قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم لندن سے وطن واپس پہنچ گئی۔
ذرائع کے مطابق نیب کی دو رکنی ٹیم نے لندن میں شریف فیملی کے فلیٹس سے متعلق معلومات اکٹھی کیں اور وہ آج صبح علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچی۔
خیال رہے کہ نیب کی دو رکنی ٹیم چند روز قبل شریف فیملی کے اثاثوں تحقیقات کے لئے لندن گئی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب ٹیم کے دورہ لندن کے دوران ایسی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی جس سے بات آگے بڑھ سکے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی دو رکنی ٹیم پی آئی اے کی پرواز پی کے 758 کے ذریعے وطن واپس پہنچ گئی اور اسی پرواز سے وزیراعلی پنجاب شہباز شریف بھی لندن سے لاہور پہنچے ہیں۔
اس سے قبل ہیتھرو ایئرپورٹ پر جیو ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلطان نذیر اور تفتیشی افسر عمران ڈوگر نے بتایا کہ ان کے افسران نے انھیں جو ذمہ داری سونپی تھی انھوں نے اپنی وہ ذمہ داریاں پوری کرلی ہیں۔
تاہم نیب کے ایک قریبی ذریعہ نے بتایا کہ نیب کے افسران نے برطانوی افسران سے ملاقاتیں کی تھیں لیکن اس حوالے سے کوئی نئی چیز سامنے نہیں آئی اور کوئی ایسی پیش رفت نہیں ہوسکی جس سےکوئی بات آگے بڑھ سکتی، یا جس سے نیب کو اس حوالے سے کوئی مدد مل سکتی۔
نیب افسران نے بتایا کہ انھوں نے برطانیہ میں نیشنل کرائم ایجنسی ،کرائون پراسیکیوشن سروس اور ہوم آفس کے حکام سے ملاقاتیں کیں تاہم ہوم آفس سے رابطہ کرنے پر ہوم آفس نے کوئی تبصرہ کرنے سے انکار کردیا۔
لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ این سی اے اور سی پی ایس نے کسی بھی تفتیش میں شامل ہونے سے صاف انکار کردیا، دونوں نے کہا کہ حسین نواز شریف کی غلط کاری کا کوئی مقدمہ نہیں ہے۔
جب نیب حکام سے سوال کیا گیا کہ انھوں نے برطانوی حکام سے کن امور پر تبادلہ خیال کیا تو انھوں نے کہا کہ ہم یہ ملاقاتیں مفید ثابت ہوئی ہیں اور وہ پر امید واپس جارہے ہیں لیکن انھوں نے اس حوالے سے کوئی تفصیل بتانے سے گریز کیا۔