پاکستان
Time 19 دسمبر ، 2017

تحریک انصاف کا ایک بار پھر طاہرالقادری کا ساتھ دینے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف جس دن عدلیہ کے خلاف تحریک شروع کریں گے، اسی روز پی ٹی آئی آئین کے تحفظ کی تحریک شروع کرے گی۔

لاہور میں پری کانفرنس کرتے ہوئے تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ہم آئینی ترمیمی بل کی مکمل حمایت کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کو 3 ماہ کے اندر حلقہ بندیوں کا کام مکمل کرنا چاہیے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ اگر پاکستان مسلم لیگ (ن) نے سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلوں کے خلاف تحریک کا اعلان کیا تو پی ٹی آئی بھی آئین کے تحفظ کے لیے مہم شروع کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف عدلیہ کے خلاف تحریک کی تاریخ کا اعلان کریں، جس دن وہ تحریک کا آغاز کریں گے اسی دن پی ٹی آئی آئین کو بچانے کی تحریک شروع کرے گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف نے آج جو عدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی کی اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ ان کے خلاف عزیزیہ اسٹیل مل اور گلف اسٹیل مل کے کیسز آخری مراحل میں پہنچ گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اگر نہاری اور پائے پر اپنی ماہرانہ رائے دیں تو ہم مان لیں گے کیونکہ یہ ان کی فیلڈ ہے لیکن اگر نواز شریف عدلیہ کے فیصلوں پر اپنی رائے دیں گے تو اس کی کوئی حیثیت نہیں ہو گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف ڈاکٹر طاہرالقادری کے مطالبے کی مکمل حمایت کرتی ہے اور وہ جو بھی لائحہ عمل طے کریں گے ہم ان کا ساتھ دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اگر طاہرالقادری کے مطالبے کے مطابق نواز شریف، شہباز شریف اور رانا ثناء اللہ نے استعفیٰ نہیں دیا اور جنوری میں طاہر القادری کوئی بڑا قدم اٹھاتے ہیں تو تحریک انصاف بھی ان کے ساتھ آگے بڑھ کر چلے گی۔

ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ جہانگیر ترین کی نااہلی کے سپریم کورٹ کے فیصلے سے مطمئن نہیں ہیں لیکن عدلیہ کی مخالفت نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :