Time 18 مئی ، 2024
پاکستان

علی گنڈاپور صرف ہوائی فائرنگ کرتے ہیں انہوں نے کرنا کچھ نہیں: رانا ثنا

ان (پی ٹی آئی) کاجھگڑا یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست اورملک کے نظام میں مداخلت کرے، رانا ثنااللہ/ فوٹو: اسکرین گریب
ان (پی ٹی آئی) کاجھگڑا یہ ہے کہ اسٹیبلشمنٹ سیاست اورملک کے نظام میں مداخلت کرے، رانا ثنااللہ/ فوٹو: اسکرین گریب

رہنما مسلم لیگ (ن) رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور  خودکو تیس مار خان سمجھتےہیں لیکن وہ صرف ہوائی فائرنگ کرتے ہیں انہوں نے کرنا کچھ نہیں ہے۔

لاہور  میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم کے مشیر  رانا ثنااللہ کا کہنا تھا اگریہ (پی ٹی آئی) اسٹیبلشمنٹ سے بات کرنا چاہتی ہے یا اسٹیبلشمنٹ ان سے بات کرنا چاہے تو  بالکل کریں، یہ اسٹیبلشمنٹ سے کہتے تھےکہ بات کریں ہم اپوزیشن کو ختم کرنا چاہتے ہیں۔

رانا ثنااللہ کا کہنا تھا جب اسٹیبلشمنٹ نے ان کا ساتھ نہ دیا تو انہوں نےکہا یہ میر جعفر اور  میرصادق ہیں، ان کا جھگڑا یہ ہےکہ اسٹیبلشمنٹ سیاست اور ملک کے نظام میں مداخلت کرے۔

بانی پی ٹی آئی  سے متعلق بات کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن کا کہنا تھا عمران خان کو جیل میں سب کچھ مل رہا ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما امیر مقام نے بھی لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ علی امین گنڈا پورکے پاس کرنے کو کچھ نہیں، جو اثاثے انہوں نے 9 مئی کو تباہ کیے وہ سارے پاکستانی قوم کی عزت ہیں، ان کوپتا ہے اس سےکچھ حاصل نہیں مگریہ اپنے لیڈر کے ایجنڈے پر لگے ہوئے ہیں۔

لیگی رہنما نے کہا کہ ان لوگوں کےعزائم  پہلے بھی ناکام بنائے تھے، اب بھی ناکام بنائیں گے، کے پی میں ان کی اکثریت ہے وہاں کچھ کر کے دکھائیں۔

امیر مقام نے کہا ان کے ذہن میں صرف یہ ہے گالی دو، جھوٹ بولو، ورکرز کو بھی یہ اسی طرح کی ترغیب دیتے ہیں۔

مزید خبریں :