کراچی میں کار سوار کی پولیس سے بدتمیزی، ویڈیو منظر عام پر آگئی


کراچی کے مشہور سیاحتی مقام سی ویو کے قریب ایک شہری کی ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں اسے پولیس اہلکاروں کے ساتھ بدتمیزی کرتے دیکھا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق وکالت کے پیشے سے وابستہ شمس الاسلام کی گاڑی کو گزشتہ اتوار اسنیپ چیکنگ کے دوران روکا گیا تاہم وہ آپے سے باہر ہوگئے اور پولیس اہلکاروں سے بدتمیزی کرنے لگے۔ مبینہ طور پر ان کی گاڑی کی نمبر پلیٹ بھی جعلی ہے۔

ایس ایس پی جنوبی جاوید اکبر ریاض کے مطابق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو گزشتہ اتوار کی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اس وقت اہلکاروں کو شہری کی جانب کوئی بڑی قانونی خلاف ورزی نظر نہیں آئی اسی وجہ سے انہیں جانے دیا گیا۔

’ہم نے ان سے کہا کہ ہم صرف چیکنگ کررہے ہیں جس پر وہ مشتعل ہوگئے۔ انہوں نے روکنے پر بھی اعتراض کیا۔ اہلکاروں نے بہت پروفیشنل اور مہذب طریقے سے معاملے کو ڈیل کیا۔‘

ایس ایس پی جنوبی نے کہا کہ اگر شہری کو کوئی مسئلہ تھا تو کسی سینئر پولیس آفیسر سے رابطہ کرلیتے، ان کے پاس شکایت لیکر جاتے تو معاملے پر انکوائری ہوتی۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ روز کا معمول ہے کہ شہری پولیس کے ساتھ اسنیپ چیکنگ کے دوران تعاون نہیں کرتے اور روکنے پر برا مناتے ہیں اور پولیس کے ساتھ انتہائی حقارت سے پیش آتے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ واقعے کی انکوائری ہوگی، اگر شہری کی غلطی سامنے آئی تو اس کے خلاف کارروائی ہوگی اور اگر پولیس اہلکار کی غلطی ہوئی تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

جیو نیوز نے شمس الاسلام سے رابطہ کیا جس پر انہوں نے کہا کہ ایک ریسٹورنٹ کے سامنے بنے اسپیڈ بریکر پر گاڑی ہلکی کرتے وقت بھی انہیں روک کر کہا گیا تھا کہ آپ ریس لگا رہے ہیں جبکہ وہ ریس نہیں لگا رہے تھے۔ 

مزید خبریں :