01 جنوری ، 2018
لاہور: صوبہ پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک تیزرفتار گاڑی نے ناکے پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق واقعہ ڈیفنس کے علاقے میں پیش آیا جہاں ایک تیز رفتار گاڑی نے ناکے پر کھڑے پولیس اہلکاروں کو ٹکر ماری۔
واقعے میں جاں بحق اہکار مستنصر کی لاش اور زخمی اہلکار قاسم کو اسپتال منتقل کردیا گیا۔
دوسری جانب پولیس اہلکاروں کو ٹکر مارنے والا ڈرائیور گاڑی سمیت فرار ہوگیا جسے بعدازاں گرفتار کرلیا گیا۔
ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی مصطفیٰ احمد نامی شخص کی ملکیت ہے، تاہم پولیس نے مقدمہ ڈرائیور سعید کے خلاف درج کیا۔
پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعہ تیزرفتاری کے باعث پیش آیا تاہم واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں۔