Can't connect right now! retry

پاکستان
02 جنوری ، 2018

2017 میں وکی پیڈیا پر تلاش کی گئی پاکستانی شخصیات میں ملالہ سرفہرست

پاکستان کی وہ شخصیات جنہیں 2017 میں وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ تلاش کیا گیا—فائل فوٹو

سال 2017 میں وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ تلاش (سرچ) کی جانے والی پاکستانی شخصیات کی فہرست میں نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسف زئی سر فہرست رہیں۔

وکی میڈیا فاؤنڈیشن کی فہرست کے مطابق درج ذیل پاکستانی شخصیات کو گذشتہ برس وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ سرچ گیا۔

ملالہ یوسف زئی:

رپورٹ کے مطابق وکی پیڈیا پر یکم جنوری 2017 سے 20 دسمبر 2017 تک سب سے زیادہ تلاش ہونے والی پاکستانی شخصیت ملالہ یوسف زئی تھیں۔

نوبیل انعام حاصل کرنے والی ملالہ یوسف زئی—فائل فوٹو

ملالہ یوسف زئی پر 2012 میں سوات میں دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا، جس کے بعد وہ بیرون ملک منتقل ہوگئی تھیں، اس وقت وہ برطانیہ کی آکسفورڈ یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہیں۔

ماہرہ خان:

پاکستان کی خوبرو اداکارہ ماہرہ خان سال 2017 میں مسلسل خبروں کی زینت بنی رہیں جس کی ایک وجہ ان کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ’رئیس‘ تھی جس میں انہوں نے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کیا تھا۔ اس کے علاوہ ماہرہ خان پاکستان کی پہلی لوریل برانڈ کی سفیر بھی منتخب ہوئیں۔

ماہرہ خان کو دوسرے نمبر پر وکی پیڈیا پر سب سے زیادہ تلاش کیا گیا۔

 پاکستان کی پہلی لوریل برانڈ سفیر ماہرہ خان—۔فوٹو/ بشکریہ انسٹاگرام

بانی پاکستان محمد علی جناح:

قائداعظم محمد علی جناح اس فہرست میں تیسرے نمبر پر رہے۔

قائد اعظم محمد علی جناح—فائل فوٹو

گذشتہ برس نجی چینل کے ایک پروگرام میں ایک مقررہ نے تقریر کے دوران نظم پڑھتے ہوئے جب قائداعظم محمد علی جناح کا ذکر کیا تو میزبان ساحر لودھی نے پوری نظم سنے بغیر ہی درمیان میں تقریر کو روک دیا اور قائداعظم کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے مقررہ پر غم و غصہ کا اظہار کیا، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر بھی خوب وائرل ہوئی تھی۔

صبا قمر :

پاکستان کی ایک اور خوبرو اداکارہ صبا قمر نے بھی اس فہرست میں چوتھے نمبر پر جگہ بنائی ۔صبا قمر کی بالی وڈ ڈیبیو فلم ’ہندی میڈیم‘ ہر لحاظ سے کامیاب رہی جس میں صبا قمر  بالی وڈ اداکار عرفان خان کے ساتھ جلوہ گر ہوئی تھیں۔

خوبرو اداکارہ صبا قمر—فوٹو/بشکریہ انسٹاگرام 

اداکاری کے علاوہ صبا قمر کے مداح انہیں بطور ماڈل بھی خوب پسند کرتے ہیں، گزشتہ برس برائیڈل کوچیور فیشن ویک میں بھی صبا قمر نے جھل مل کرتے عروسی لباس میں ریمپ پر خوب جلوے بکھیرے تھے۔

عمران خان:

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان روزانہ ہی خبروں کی زینت بنتے ہیں، تاہم 2017 میں جب پی ٹی آئی کی ہی سابق رکن عائشہ گلالئی نے پارٹی چھوڑ کر ان پر الزامات کی بوچھاڑ کی تو اس واقعے کو خوب کوریج ملی تھی۔

گذشتہ برس وکی پیڈیا پر سرچ کی گئی پاکستانی شخصیات میں عمران خان پانچویں نمبر پر رہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان—فائل فوٹو

نواز شریف:

سابق وزیراعظم نواز شریف بھی گذشتہ برس اپنی نااہلی کی وجہ سے ہر ایک کی توجہ کا مرکز بنے اور انہوں نے وکی پیڈیا کی فہرست میں چھٹے نمبر پر جگہ بنائی۔

سابق وزیراعظم نواز شریف— فائل فوٹو

فواد خان:

وکی پیڈیا فہرست میں ساتویں نمبر پر جگہ بنانے والے سپر اسٹار اور اسٹائل آئیکون فواد خان سرحد پار بھی بے حد مقبول ہیں، ان کے مداح نا صرف پاکستان میں موجود ہیں بلکہ بھارت سے بھی انہیں خوب پزیرائی ملتی ہے۔

فی الوقت یہ خبریں ہیں کہ فواد خان کے بالی وڈ فلم ’لو کری‘(love curry) میں جلوہ گر ہونے کے امکانات ہیں۔

سپر اسٹار اور اسٹائل آئیکون فواد خان—فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر 

نصرت فتح علی خان:

شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان کا گیت ’میرے رشک قمر‘ کا 2017 میں مختلف انداز میں ریمیک کیا گیا، جو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھنے والے گانوں کی فہرست میں بھی شامل ہے۔

گذشتہ برس وکی پیڈیا پر سرچ کی گئی پاکستانی شخصیات میں نصرت فتح علی خان آٹھویں  نمبر پر رہے۔

شہنشاہ قوال نصرت فتح علی خان— فائل فوٹو

بے نظیر بھٹو:

پاکستان کی سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو کے قتل کیس کا فیصلہ گزشتہ برس 2017 میں سنایا گیا، جس کے بعد تجزیوں اور بیانات کا سلسہ بھی جاری رہا۔

بینظیر بھٹو بھی گذشتہ برس وکی پیڈیا پر زیادہ تلاش کی گئی پاکستانی شخصیات کی فہرست میں نویں نمبر پر رہیں۔

پاکستان کی سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو— فائل فوتو

عبدالستار ایدھی:

استاد انسانیت عبدالستار ایدھی کی 2017 میں پہلی برسی منائی گئی جن کی یاد میں ہر ایک آنکھ اشک بار تھی۔ 

عبدالستار ایدھی بھی 2017 میں زیادہ سرچ کیے گئے پاکستانیوں کی وکی پیڈیا فہرست میں دسویں نمبر پر شامل ہیں۔

عبدالستار ایدھی—فائل فوٹو/ بشکریہ ٹوئٹر


Notification Management


پاکستان
دنیا
کاروبار
کھیل
انٹرٹینمنٹ
صحت و سائنس
دلچسپ و عجیب

ڈیسک ٹاپ نوٹیفکیشن کے لیے سبسکرائب کریں
Powered by IMM