04 جنوری ، 2018
میرپورخاص: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ وہ چاہتے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف راز فاش کردیں لیکن پہلے یہ بتائیں کہ آپ کیسے بنے اور آپ نے ہمیشہ بھاری مینڈیٹ کہاں سے لیا۔
گزشتہ روز نواز شریف نے کہا تھا کہ اگر پردے کے پیچھے کی کارروائیاں نہ رکیں تو سارے ثبوت اور شواہد قوم کے سامنے رکھ دوں گا۔
سابق وزیراعظم نے کہا کہ ’تین بار ملک کا وزیراعظم رہا ہوں، بہت سے حقائق سامنے ہیں، مخلص اور درد مند شہری کی حیثیت سے یہ بات کہنا چاہتا ہوں کہ ہمیں پورے اخلاص کے ساتھ اپنے کردار اور عمل کا ضرور جائزہ لینا چاہیے، بڑی دردمندی سے کہتا رہا ہوں کہ ہمیں اپنے گھر کی خبر ضرور لینی چاہیے اور سوچنا چاہیے کہ دنیا ہمیں قربانیوں کے باوجود ایسے کیوں دیکھتی ہے‘۔
مسلم لیگ (ن) کے صدر کا کہنا تھا کہ ’میرے مشورے کو نہ صرف نظر انداز کیا جاتا رہا بلکہ اسے کبھی ڈان لیکس اور کبھی کوئی اور نام دے کر میری حب الوطنی پر سوال اٹھائے گئے‘۔
جمعرات کے روز میرپور خاص میں پارٹی کارکنوں سے گفتگو میں آصف علی زرداری نے کہا کہ میاں صاحب، آپ اپنے گریبان میں جھانکیں اور ہم پر الزام نہ لگائیں، ہم نے پاور میں آنے کیلیے کسی کا سہارا نہیں لیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ سمندر کی لہروں کے خلاف تیرنا پڑا، ہمارے پاس طاقت عوام کی ہے جبکہ آپ کے پاس دھن کی طاقت ہے۔
پی پی پی شریک چیئرمین نے کہا کہ میں 40 سال سے زمینداری کررہا ہوں لیکن ہاریوں کے ساتھ ہوں، وڈیروں کے ساتھ نہیں، میں ہر وہ کام کروں گا جس میں ہاری اور مزدوروں کا فائدہ ہو۔
ان کا کہنا تھا کہ قیامت کے دن شہید بھٹو اور بے نظیر بھٹو پوچھیں گے کہ غریبوں کیلیے کیا کیا۔