05 جنوری ، 2018
کراچی: انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیوایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کو بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی۔
کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت میں دہشت گردوں کے علاج و معالجے سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی جس دوران ایم کیوایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے عدالت میں درخواست دائر کی جس میں بیرون ملک جانے کی اجازت مانگی کی گئی تھی۔
سلیم شہزاد نے اپنے وکیل کے توسط سے دائر درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ وہ کینسر کے مریض ہیں اور انہیں کیمو تھراپی کے لیے بیرون ملک جانے کی اجازت دی جائے۔
عدالت نے سلیم شہزاد کی درخواست منظور کرتے ہوئے انہیں بیرون ملک جانے کی اجازت دے دی جو 15 جنوری تک کے لیے ہے۔
واضح رہے کہ سلیم شہزاد گزشتہ برس کے اوائل میں طویل خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے دبئی سے کراچی پہنچے تھے اور انہیں ایئرپورٹ پر ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
سلیم شہزاد کے خلاف مجموعی طور پر23 مقدمات درج ہیں۔ 10 مقدمات لانڈھی تھانے میں، 4 ناظم آباد ،3 جوہرآباد جب کہ ایک ایک مقدمہ اورنگی،نارتھ ناظم آباد اورمومن آباد تھانے میں درج ہے۔
سلیم شہزاد دہشت گردوں کے علاج معالجے سے متعلق ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی تفتیش کے سلسلے میں بھی پولیس کو مطلوب تھے۔