ایم کیو ایم کے سابق رہنما سلیم شہزاد کا اپنی پارٹی بنانے کا اعلان


کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے سابق رہنما سلیم شہزاد نے اپنی پارٹی بنانے کا اعلان کردیا۔

کراچی کی  سٹی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ 'ہماری پارٹی میں نہ چائنا کٹنگ والے ہوں گے، نہ ٹارگٹ کلر اور نہ ہی ڈرائی کلینر'۔

سلیم شہزاد کا کہنا تھا کہ وہ انتخابات میں اورنگی ٹاؤن سے حصہ لیں گے جبکہ باقی حلقوں سے اپنی پارٹی کے امیدوار کھڑے کریں گے۔

سلیم شہزاد نے 16 دسمبر کو اورنگی ٹاؤن میں جلسہ کرنے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ ہمارے دروازے سب کے لیے کھلے ہوئے ہیں۔

واضح رہے کہ سلیم شہزاد رواں برس 6 فروری کو طویل خودساختہ جلاوطنی ختم کرکے دبئی سے کراچی پہنچے تھے، تاہم انہیں ایئرپورٹ پر گرفتار کرکے اگلے روز جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا تھا۔

بعدازاں 2 جون 2017 میں کراچی کی انسداد دہشت گردی کی عدالت اور ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج شرقی نے سلیم شہزاد کے ریلیز آرڈر جاری کردیئے تھے۔

سلیم شہزاد کے خلاف مجموعی طور پر23 مقدمات درج ہیں۔ 10 مقدمات لانڈھی تھانے میں، 4 ناظم آباد ،3 جوہرآباد جبکہ ایک ایک مقدمہ اورنگی،نارتھ ناظم آباد اورمومن آباد تھانے میں درج ہے۔

 سلیم شہزاد دہشت گردوں کے علاج معالجے سے متعلق ڈاکٹر عاصم حسین کیس کی تفتیش کے سلسلے میں بھی پولیس کو مطلوب تھے۔


مزید خبریں :