07 جنوری ، 2018
کراچی میں لوٹ مار کی وارداتوں میں اضافے کے بعد شہریوں کی جانب سے ڈاکوؤں کو سڑکوں پر ہی سزا دینے کا رجحان بڑھنے لگا ہے۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر اور صدر میں لوٹ مار کرنے والے 3 ڈاکو مارے گئے جبکہ صدر میں مزاحمت پر ڈاکو کی فائرنگ سے ایک شہری جاں بحق ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق صدر موبائل مارکیٹ میں ڈاکوؤں نے دکان دار کو لوٹنے کی کوشش کی لیکن مزاحمت پر انہوں نے فائرنگ کردی جس سے دکاندار زخمی ہوگیا۔
فائرنگ کی آواز سن کر قریب موجود شہریوں اوردکان داروں نے ایک ڈاکو کو پکڑ لیا اور شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ دوسرا ڈاکو مارکیٹ کے اندر بھاگ کر چھپ گیا۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس و رینجرز موقع پرپہنچی جس کے بعد مارکیٹ کے اندر موجود ڈاکو مقابلے میں مارا گیا۔
ایس پی صدر توقیرنعیم کے مطابق زخمی دکان دار اور ڈکیت دنوں اسپتال میں دم توڑ گئے۔ جاں بحق ہونے والے شہری کی شناخت اویس کے نام سے کی گئی ہے۔
علاوہ ازیں گلستان جوہر بلاک ون میں بھی 2 ڈاکوؤں نے کار سوار نوجوان کو لوٹنے کی کوشش کی، شہری نے واردات کے بعد فرار ہونے والے ڈاکوؤں کا پیچھا کیا اور گاڑی ان پر چڑھادی جس سے ایک ڈاکو ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
پولیس کے مطابق ڈاکوؤں کا مجرمانہ ریکارڈ چیک کیا جارہا ہے۔