پاکستان
Time 08 جنوری ، 2018

امریکا کیلئے سپلائی آج بھی پاکستان کے راستے سے ہورہی ہے، اعزاز چوہدری

اسلام آباد: امریکا میں پاکستانی سفیر اعزاز چوہدری نے کہا ہے کہ امریکا کی خاطر پاکستان کا مغربی فضائی کاریڈور بند ہے، ان کے لیے سپلائی آج بھی پاکستان کے راستے سے ہورہی ہے۔

جیو نیوز کے پروگرام ’جرگہ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں امریکا پاکستان کا ایک ارب ڈالرز کا مقروض ہے، اگر حساب کرنا ہے تو پھر پورا کیا جائے۔

پاکستانی سفیر نے کہا کہ امریکا نے اب تک 8 ارب ڈالرز سیکیورٹی جبکہ 11 ارب ڈالرز معاشی سیکٹر کی مد میں دیے ہیں۔

اعزاز چوہدری نے بتایا کہ امریکا نے اب تک ساڑھے 14 ارب ڈالرز کولیشن سپورٹ فنڈ کی مد میں دیے ہیں۔

پاک-امریکا تعلقات میں تناؤ

پاکستانی سفیر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان مخالف ٹوئیٹ کے بعد سے دونوں ملکوں کے تعلقات تناؤ کا شکار ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے یکم جنوری کو ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں پاکستان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے گزشتہ 15 سالوں کے دوران پاکستان کو 33 ملین ڈالر امداد دے کر حماقت کی جبکہ بدلے میں پاکستان نے ہمیں دھوکے اور جھوٹ کے سوا کچھ نہیں دیا۔

بعدازاں اسٹیٹ ڈپارٹمنٹ نے بھی پاکستان کی سیکیورٹی معاونت معطل کرنے کا اعلان کردیا جبکہ پاکستان کو مذہبی آزادی کی مبینہ سنگین خلاف ورزی کرنے والے ممالک سے متعلق خصوصی واچ لسٹ میں بھی شامل کردیا گیا۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ہیدر نورٹ کا کہنا تھا کہ حقانی نیٹ اور دیگر افغان طالبان کے خلاف کارروائی تک معاونت معطل رہے گی۔

دوسری جانب پاکستان نے امریکی الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، لیکن امریکا اپنی ناکامیوں کا ملبہ پاکستان پر ڈال رہا ہے۔

مزید خبریں :