ذاتی مسائل کو پیچھے چھوڑ دیا، توجہ اگلی فائٹ پر مرکوز ہے: عامر خان

باکسر عامر خان—فائل فوٹو

لندن: پاکستانی نژاد برطانوی باکسر عامر خان کا کہنا ہے کہ ازدواجی زندگی کی تلخ یادیں ماضی کا حصہ بن گئی ہیں اور اب ان کی پوری توجہ اپریل میں ہونے والی فائٹ پر مرکوز ہے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے عامر خان نے بتایا کہ وہ 21 اپریل کو برطانیہ میں لیور پول ایکو ارینا باکسنگ رنگ میں فائٹ کریں گے۔

عامر خان کے مطابق انہوں نے اپنے تمام ذاتی مسائل کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اب وہ دوبارہ اپنے کیریئر پر دھیان دینا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ’باکسنگ میرے لیے سب کچھ ہے، میں 31 سال کا ہوچکا ہوں اور میری کوشش ہے کہ میں اب مزید کوئی غلطیاں نہ کروں، میری زندگی کے اگلے کچھ سال میرے کیریئر کے آخری سال ہوں گے اور میں اپنے مقصد میں کامیاب ہونا چاہتا ہوں‘۔

ان کا کہنا تھا کہ انہیں کوئی ڈر نہیں ہے، وہ باکسنگ فائٹ کے لیے خوب محنت کر رہے ہیں اور ٹریننگ بھی شروع کردی ہے۔

عامر خان نے کہا کہ انہیں پورا بھروسہ ہے کہ وہ ضرور جیتیں گے اور اللہ ان کی مدد کرے گا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا، 'مجھے یقین ہے کہ میں ایک اور ورلڈ چیمپیئن شپ جیتوں گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 5 برس میں پہلی مرتبہ انہیں برطانیہ میں باکسنگ لڑنے کا موقع ملا ہے اور یہ سب اسکائے اسپورٹس کے مداحوں کی معاونت سے ممکن ہو سکا ہے۔

گفتگو کے دوران باکسر عامر سے جب ان کی اہلیہ فریال مخدوم سے تعلقات کے حوالے سے پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ 'فریال اور میری دوسری اولاد آنے والی ہے اور اب ہمارے درمیان سب کچھ ٹھیک ہوگیا ہے'۔

پریس کانفرنس میں ان کے والد شاہ خان بھی شریک تھے، جن کا کہنا تھا کہ 'لڑائی جھگڑے ہر گھر میں چلتے رہتے ہیں اور اب تمام غلط فہمیاں دور ہوگئی ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'عامر کا مکمل دھیان صرف باکسنگ پر ہے جس کے لیے وہ محنت بھی کر رہے ہیں'۔

مزید خبریں :