Time 16 جنوری ، 2018
پاکستان

سپریم کورٹ کا وی آئی پی موومنٹ پر صرف 2 منٹ کیلئے سڑک بند کرنے کا حکم

کراچی: سپریم کورٹ نے شہر میں وی آئی پی موومنٹ کے دوران صرف دو منٹ کے لیے سڑک بند کرنے کا حکم دےد یا۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں ہفتہ 13 جنوری کو وی آئی پی موومنٹ کے دوران سڑکوں کی بندش سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی تھی۔

عدالت نے آئی جی سندھ کو سڑکوں کی بندش کے حوالے سے حلف نامہ جمع کرانے کی ہدایت کی تھی۔

جیونیوز کےمطابق سپریم کورٹ نے اب تفصیلی حکم نامہ جاری کردیا جس میں حکم دیا گیا ہےکہ وی آئی پی موومنٹ کے دوران شہریوں کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔

عدالت نے آئی جی سندھ کو حکم دیا ہےکہ وی آئی پی موومنٹ کے لیے بلیو بک کا قانون موجود ہے اسی قانون کے تحت اقدامات کیے جائیں اور باور کرایا جائے کہ اس کی خلاف ورزی نہ ہو۔

عدالت نے اپنے حکم میں کہا ہےکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث اگر سڑک بند ناگزیر ہے تو صرف 2 منٹ کے لیے سڑک کو بند کیا جائے۔

عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہےکہ اگر حکم کی خلاف ورزی کی ہوئی تو عدالت پھر اس کا نوٹس لے گی۔

مزید خبریں :