Time 17 جنوری ، 2018
پاکستان

اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع، طویل سفر سے گریز کی ہدایت

اسلام آباد: سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں متفرق درخواست دائر کردی جس میں ان کی میڈیکل رپورٹ بھی لگائی گئی ہے۔

سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس اسلام آباد کی احتساب عدالت میں زیر سماعت ہے جس میں مسلسل غیر حاضری پر عدالت انہیں اشتہاری ملزم قرار دے چکی ہے جب کہ اسحاق ڈار طویل عرصے سے عدالت سے غیر حاضر ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے وکلا کی جانب سے ایک اور متفرق درخواست دائر کی گئی ہے جس میں اسحاق ڈار کی نئی میڈیکل رپورٹ کی کاپی بھی لگائی گئی ہے۔

میڈیکل رپورٹ کے مطابق اسحاق ڈار کو گردن میں تکلیف ہے اور وہ اس تکلیف کے باعث دائیں بازو میں بھی درد محسوس کررہے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ اسحاق ڈار 11 جنوری کو طبی معائنے کے لیے لندن اسپائنل سینٹر آئے، انہیں درد کی کمی کے لیے دوائیں تجویز کی گئی ہیں۔

رپورٹ میں تجویز کیا گیا ہے کہ اسحاق ڈار طویل سفر اور جسمانی مشقت کے کاموں سے گریز کریں جب کہ 6  ہفتوں بعد دوبارہ معائنہ کرائیں۔

واضح رہےکہ اسحاق ڈار طویل عرصے سے لندن میں موجود ہیں اور ان کے وکلا کی جانب سے احتساب عدالت میں جواب جمع کرایا گیا ہے جس کے مطابق سابق وزیر خزانہ دل کے عارضے میں مبتلا ہیں اور علاج کی سلسلے میں وہاں موجود ہیں۔

مزید خبریں :