13 جنوری ، 2012
اسلام آباد…اٹارنی جنرل آف پاکستان مولوی انوارالحق نے آج سپریم کورٹ میں منصوراعجاز کے وکیل اکرم شیخ سے ملاقات کی ،اس میں میموگیٹ کے تحقیقاتی کمیشن کی سولہ جنوری کی سماعت ملتوی کرانے سے متعلق تبادلہ خیال کیاگیا۔اٹارنی جنرل اور اکرم شیخ کی ملاقات ، آج سپریم کورٹ کی ایک کورٹ روم میں ہوئی، اٹارنی جنرل نے گزشتہ روز چیف جسٹس کو درخواست کی تھی کہ سولہ جنوری کو این آر او عملدرآمد کیس اور میموگیٹ کمیشن ، دونوں ہونے ہیں، عدالت ، این آر او عملدرآمد کیس کی سماعت میں وقت ایڈجسٹ کرے، یہ درخواست منظور نہیں ہوئی تھی۔ آج اکرم شیخ نے اٹارنی جنرل کو کہاکہ سپریم کورٹ بڑی عدالت ہے ، آپ کو سولہ جنوری کو یہاں پیش ہونا چاہیے ، اکرم شیخ نے انہیں پیشکش بھی کی کہ وہ کمیشن کارروائی ملتوی کرانے کی درخواست لے آئیں، وہ اس پر دست خطر کردیں گے، بعد میں میڈیا سے گفتگو میں اٹارنی جنرل نے کہاکہ اکرم شیخ نے اچھی تجویز دی ،وہ اس پر غور کریں گے۔