پاکستان
Time 27 جنوری ، 2018

پی آئی اے سے جعلی ڈگری پر برطرف پائلٹ دیگر ائیرلائنز کے طیارے اڑانے لگے

قومی ائیر لائن پی آئی اے سے جعلی ڈگری پر برطرف کیے گئے پائلٹ دیگر ائیرلائنز میں طیارے اڑا رہے ہیں۔

گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان نے ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کو جعلی ڈگری رکھنے والے پائلٹس کے بارے میں تفصیلات جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔

پی آئی اے کے انتظامی ذرائع کے مطابق قومی ائیرلائن میں جعلی تعلیمی اسناد پر ملازمت حاصل کرنے والے 17 پائلٹوں کی نشاندہی ہوئی تھی ان میں سے دو پائیلٹ عدالتی حکم پر ملازمت پر بحال ہوگئے جب کہ 12 پائلٹس کو ملازمت سے برطرف کردیا گیا ان میں تین کیڈیٹ پائلٹ تھے جو ابتدائی مرحلے میں ہی ملازمت سے برطرف کردیئے گئے۔

جب کہ جعلی ڈگری پر نکالے گئے پانچ پائلٹس ایسے ہیں جنہوں نے ہائی کورٹ سے حکم امتناع لیا ہوا ہے اور نہ صرف بدستور ملازمت پر برقرار بلکہ طیارے بھی اڑا رہے ہیں۔

اس کے علاوہ 4 ایسے بااثر پائلٹس ہیں جن کی ڈگریاں مشکوک قرار پائی تھیں لیکن پی آئی اے انتظامیہ نے انہیں تمام واجبات اور ریٹائرڈمنٹ کے فوائد دیتے ہوئے ائیرلائن سے باعزت رخصت کیا۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق جعلی ڈگری کی وجہ سے پی آئی اے سے قبل از وقت ریٹائرمنٹ لینے اور برطرف ہونے والے پائلٹس دیگر ائیرلائنز میں طیارے اڑا رہے ہیں۔

مزید خبریں :