Time 28 جنوری ، 2018
پاکستان

کراچی میں 3 سالہ آپریشن کے بعد بھی اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک ہے، وزیراعظم

کراچی: وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ شہر میں 3 سال سے جاری آپریشن کے بعد بھی اسٹریٹ کرائمز میں اضافہ تشویشناک ہے۔

کراچی کے دورے کے موقع وزیراعظم نے شہر میں امن و امان سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔

ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ وزیراعظم نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کی لہر سے منفی تاثر جارہا ہے جبکہ اجلاس کے شرکاء نے اس کے اضافے پر تشویش کا اظہار بھی کیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعظم کو بریفنگ کے دوران سیکرٹری داخلہ نے بتایا کہ سابق ایس ایس پی ملیر راؤ انوار کے معاملے پر تحقیقاتی کمیٹی نے رپورٹ دے دی ہے۔

اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے شکوہ کیا کہ وفاق کے تعاون سے جاری منصوبوں کیلیے صوبے کو فنڈز نہیں مل رہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فراہمی آب کے منصوبے کے4 کے لیے فنڈز بھی رکے ہوئے ہیں۔

اس سے قبل لیاری ایکسپریس وے کی افتتاحی تقریب کے موقع پر شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا، جس کی قیمت ادا کرنی پڑتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ منصوبہ مختلف مشکلات کا شکار رہا جس میں تکنیکی اور تجاوزات جیسی رکاوٹیں تھیں لیکن اس کے باوجود آج لیاری ایکسپریس وے منصوبے کو مکمل کر لیا گیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کراچی کی ترقی کے لیے پر عزم ہیں کیوں کہ کراچی ترقی کرے گا تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی کے مسائل حل کرنے کے لیے حکومت سندھ کام کر رہی ہے اور وفاقی حکومت بھی حصہ ڈال رہی ہے جب کہ گورنر محمد زبیر نے کراچی کے لیے 25 ارب روپے کا پیکج دیا ہے۔

مزید خبریں :