Time 29 جنوری ، 2018
پاکستان

عاصمہ رانی کے قتل سے متعلق فوٹیج دکھانے پر وزیراعظم کا نوٹس

اسلام آباد: وزیراعظم شاہد خان عباسی نے عاصمہ رانی کے قتل سے متعلق فوٹیج چینل پر دکھانے کا نوٹس لے لیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ آزادی صحافت پر کامل یقین رکھتے ہیں لیکن عوام کے حقوق کے لیے صحافتی ضابطوں کی پاسداری بھی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے وزارت اطلاعات و نشریات کو پیمرا سے معاملہ اٹھانے اور قواعد و ضوابط کی پاسداری کو یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی۔

دوسری جانب وزیر مملکت برائے اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ میڈیا رپوٹنگ میں ذمے داری کا مظاہرہ کرے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہری حقوق اور معاشرتی اقدار ملحوظ رکھنا اجتماعی ذمے داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ صحافتی ضابطوں، پیمرا قوانین کی پاسداری میڈیا کی بنیادی ذمے داری ہے۔

یاد رہے کہ مجاہد آفریدی نامی شخص نے چھٹیوں پر اپنے گاؤں آئی ہوئی ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی پر ہفتے کے روز فائرنگ کی تھی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز دم توڑ گئی تھی۔

کوہاٹ میں رشتے کے تنازع پر قتل میڈیکل تھرڈ ایئر کی طالبہ کے قتل میں ملوث ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی واردات کے فوری بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا تاہم وفاقی تحقیقاتی ادارے سے انٹرپول کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی پی او کوہاٹ کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جب کہ کیس کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

مزید خبریں :