Time 29 جنوری ، 2018
پاکستان

کوہاٹ: میڈیکل کی طالبہ کے قتل کا ملزم بیرون ملک فرار


کوہاٹ میں رشتے کے تنازع پر قتل میڈیکل تھرڈ ایئر کی طالبہ کے قتل میں ملوث ملزم بیرون ملک فرار ہو گیا۔

پولیس کے مطابق عاصمہ رانی کے قتل میں ملوث ملزم مجاہد آفریدی واردات کے فوری بعد بینظیر بھٹو انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہو گیا تھا تاہم وفاقی تحقیقاتی ادارے سے انٹرپول کے ذریعے ملزم کی گرفتاری کے لیے رابطہ کیا گیا ہے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈی پی او کوہاٹ کی نگرانی میں خصوصی تفتیشی ٹیم واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے جب کہ کیس کے دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ملزم مجاہد آفریدی واردات کے فوری بعد  غیر ملکی پرواز کے ذریعے سعودی عرب فرار ہوگئے—جیو نیوز فوٹو۔

قبل ازیں آئی جی خیبر پختونخوا صلاح الدین محسود کے حکم پر کوہاٹ میں قتل ہونے والی ایبٹ آباد میڈیکل کالج میں زیر تعلیم ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی کے قتل کی تحقیقات کے لئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی۔

عاصمہ رانی کو رشتے سے انکار پر مجاہد نامی شخص نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا جس کا اظہار عاصمہ نے اپنے ویڈیو بیان میں بھی کیا تھا۔

مقتولہ کے والد نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی بیٹی کا قاتل تحریک انصاف کے ضلعی صدر کا بھتیجا ہے۔

ڈی ایس پی کوہاٹ کا کہنا ہے کہ ملزم کے ممکنہ بیرون ملک فرار ہونے پر ایف آئی اے کو الرٹ جاری کر دیا گيا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور رشتے داروں سے بھی پوچھ گچھ کی گئی ہے۔

یاد رہے کہ مجاہد آفریدی نامی شخص نے چھٹیوں پر اپنے گاؤں آئی ہوئی ایم بی بی ایس تھرڈ ایئر کی طالبہ عاصمہ رانی پر  ہفتے کے روز فائرنگ کی تھی جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے گزشتہ روز دم توڑ گئی تھی۔

مزید خبریں :