جہیز 50 ہزار مالیت سے زیادہ نہیں دیا جائے گا: سندھ کابینہ کا مجوزہ بل

کراچی: سندھ کابینہ نے جہیز کے خاتمے سے متعلق بل میں ترمیم پیش کی ہے جس میں جہیز کی مالیت کی حد 50 ہزار روپے تک تجویز کی گئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی سربراہی میں سندھ کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں جہیز کے خاتمے سے متعلق بل میں ترمیم پر بحث کی گئی۔

کابینہ اجلاس میں جہیز کے خاتمے کے لیے مجوزہ بل پیش کیا گیا جس کے مطابق سندھ میں جہیز 50 ہزار سے زیادہ نہیں ہوگا، مہندی کے گفٹس یا اخراجات 50 ہزارسے زیادہ نہیں ہوں گے۔

مجوزہ بل کے متن میں کہا گیا ہےکہ کسی دباؤ پرجہیز حاصل کرنے پر پابندی ہوگی، دُلہا یا اس کے اہلخانہ کسی بھی طرح جہیز کا مطالبہ نہیں کریں گے جب کہ پابندیوں کی خلاف وزری پر 6 ماہ سزا اور بھاری جرمانہ ہوگا۔

کابینہ اجلاس میں صوبائی وزیر منظور وسان نے بل میں پیش کی گئی تجاویز پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا کہ جہیز کے خلاف اس طرح کی سزا دینا قانوناً مناسب نہیں۔

جب کہ وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ غیر ضروری مطالبات کا خاتمہ شعور پیدا کرنے سے ہوسکتا ہے، یہ تجویز ایسی ہیں جو فعال کرنا مشکل ہیں، ہمیں ایسا قانون بنانا چاہیے جو لاگو ہوسکے اور اگر کوئی جہیز لے تو اسے برا محسوس ہو۔

دوسری جانب ترجمان وزیراعلیٰ سندھ نے وضاحتی بیان میں کہا ہے کہ سندھ کابینہ نے جہیز کے خاتمے سے متعلق بل منظور نہیں کیا ہے۔

مزید خبریں :