ایڈونچر سے بھرپور فلم 'اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور' کا شاندار پریمیئر

پاکستان کی فلم نگری نے بچوں کو تفریحی مواد فراہم کرنے کے لیے اچھی فلموں کی تیاری کا آغاز کردیا ہے جس پر والدین بھی خوش ہیں۔

کراچی میں گزشتہ روز ایڈونچر سے بھرپور پاکستانی فلم 'اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور' کا شاندار پریمیئر ہوا جس میں ملک کے نامور شوبز ستاروں نے شرکت کی اور فلم کو خوب سراہا۔

فلم 'اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور' تھرڈ ورلڈ اسٹوڈیو اور ای بی ایم کے اشتراک سے بننے والی جدید اینیمیٹڈ فلم ہے۔

فلم کی ہدایات عذیر ظہیر نے دی ہیں، جن کے مطابق فلم مکمل طور پر پاکستان میں بنائی گئی ہے۔

فلمساز اور ہدایت کار عذیر ظہیر کی پریمئر کے موقع پر لی گئی تصویر—فوٹو/انسٹاگرام 

فلم ایک جاندار موضوع پر مبنی ہے، جس نے تفریح کے ساتھ ساتھ اسے بچوں سمیت سب کے لیے موزوں ثابت کردیا ہے۔

فلم کی کہانی اللہ یار نامی ایک لڑکے، اس کے مارخور اور ایک برفانی شیر کے گرد گھومتی ہے، جس میں جنگلی حیات کے تحفظ کی اہمیت جیسے پیغام کو خوبصورتی سے اجاگر کیا گیا ہے۔

فلم ساز کا کہنا تھا کہ والدین کی جانب سے یہ شکایات تھیں کہ بچوں کے لیے پاکستان میں اچھی فلمیں نہیں بنائی جاتیں اور بچے اب لیپ ٹاپ، آئی پیڈ اور آئی فون پر صرف گیمز کھیلنے کے شوقین ہیں۔

عذیر ظہیر کا کہنا تھا کہ انہیں یقین ہے یہ فلم والدین کی شکایات دور کردے گی اور بچوں کو پسند آئے گی۔

 اداکار زاہد احمد نے اپنے اہل خانہ کے ساتھ فلم کا پریمئر انجوائے کیا—انسٹاگرام فوٹو

پاکستان کے نامور اداکار زاہد احمد نے بھی اپنے اہل خانہ کے ساتھ فلم کے پریمیئر میں شرکت کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔

پریمیئر میں حریم فاروقی، علی رحمان، آمنہ شیخ، صنم سعید اور ثروت گیلانی نے بھی شرکت کی اور لوگوں پر فلم دیکھنے کے لیے زور دیا۔

حریم فاروقی، ثروت گیلانی اور صنم سعید فلم کے پریمیئر میں شرکت کے موقع پر—انسٹاگرام فوٹو 

فلم 'اللہ یار اینڈ دی لیجنڈ آف مارخور' کل 2 فروری کو پاکستان کے تمام سینما گھروں میں ریلیز ہوگی۔

مزید خبریں :