پاکستان
Time 05 فروری ، 2018

مسلسل دھمکیوں کی وجہ سے پاکستان چھوڑ دیا، ریحام خان


پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کا کہنا ہے کہ وہ خود کو ملنے والی دھمکیوں کی وجہ سے پاکستان پاکستان چھوڑکرچلی گئی ہیں۔

ریحام خام کہتی ہیں کہ دھمکیوں کی وجہ سے انہیں اپنی بیٹی کو بھی اسکول سے نکالنا پڑا اور وہ اس وقت بہت پریشان اور شدید غصے میں ہیں۔

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان — فوٹو: فائل

ریحام خان نے یہ بھی کہا کہ وہ پاکستان میں بیٹھ کر درست بات بھی نہیں کرسکتیں، کوئی سیاسی جماعت نے ان کی حمایت نہیں کررہی۔

جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ کے میزبان منیب فاروق نے بتایا کہ ان کی گزشتہ شب ریحام خان سے گفتگو ہوئی جس میں ریحام خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہوں نے پاکستان چھوڑ دیا ہے۔

منیب فاروق کے مطابق ریحام خان نے بتایا کہ انہیں ان کے اسٹاف کے ذریعے مختلف دھمکیاں موصول ہورہی تھیں۔

ریحام خان نے ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی شیئر کیا ہے جس میں ریحام خان فاؤنڈیشن کے کوآرڈینیٹر یہ بتارہے ہیں کہ انہیں نامعلوم نمبر سے کالز موصول ہورہی ہیں اور دھمکیاں دی جارہی ہیں کہ وہ ریحام خان کے انٹرویوز اور تقریبات منعقد نہ کریں۔

منیب فاروق کے مطابق ریحام خان نے یہ بھی بتایا کہ انہیں اپنی بیٹی کو اسکول سے نکالنا پڑا ہے جس کی وجہ سے وہ بہت پریشان ہیں اور اس وقت کوئی سیاسی جماعت نہ ان کی حمایت کررہی ہے اور نہ ساتھ کھڑی ہے۔

ریحام خان نے کہا کہ ایسی صورتحال ہے کہ وہ پاکستان میں رہ کر اپنی لڑائی نہیں لڑ سکتیں اس لیے انہوں نے پاکستان سے باہر جانے کا فیصلہ کیا ہے۔

منیب فاروق کے مطابق ریحام خان نے بتایا کہ انہیں گزشتہ برس ستمبر سے ان کے اسٹاف کو دھمکیاں مل رہی ہیں اور اب یہ دھمکیاں بڑھ گئی ہیں جس کے بعد انہوں نے ملک چھوڑنے کا فیصلہ کیا۔

ریحام خان نے یہ نہیں بتایا کہ دھمکیاں کہاں سے آرہی ہیں اور اس کے خلاف انہوں نے پولیس میں رپورٹ درج کرائی ہے یا نہیں۔

منیب فاروق کے مطابق ریحام خان نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انہیں بہت سے سابق کرکٹرز نے فون کرکے یہ مشورہ دیا ہے کہ وہ عمران خان کو بھول جائیں اور عمران خان سے کسی قسم کی لڑائی مول نہ لیں۔

’کسی دباؤ میں نہیں ہوں‘

مزید برآں جیو نیوز کے پروگرام ’’آپس کی بات‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ وہ کسی دباؤ میں نہیں ہیں، انہیں کسی کی سپورٹ کی ضرورت نہیں اور نہ ہی وہ کسی کی دھمکیوں سے ڈرتی ہیں۔

ریحام خان نے بتایا کہ ان کی زندگی سے متعلق بہت عجیب باتیں لکھی گئیں، عنقریب ان کی کتاب منظرعام پرآرہی ہےجس میں ان کی زندگی کی کہانی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ’’ میری زندگی کے تجربات، خاندان، کس طرح سے زندگی گزاری سب کتاب میں موجود ہوگا، جن سے میں نے شادیاں کی ہیں ان کا بھی کتاب میں ذکرکیا ہے‘‘۔

ریحام خان نے کہا کہ ’’جس کسی نے بھی میری زندگی پراچھایا برا اثر چھوڑا ہے اس کا ذکر کتاب میں ہے، پٹھان دوستی اورمحبت میں جان بھی دے سکتے ہیں۔

’عمران خان سے محبت کی شادی نہیں تھی‘

ریحام خان نے اپنی گفتگو کے دوران انکشاف کیا کہ ’’میں نے ایک نظریے سے شادی کی تھی، مجھے لگا تھا کہ عمران اور میرے خیالات ایک طرح کے ہیں، عمران خان کے ساتھ محبت کی شادی نہیں تھی۔

انہوں نے کہا کہ ’’جب کوئی دھوکا اورجھوٹ بولتا ہے یا مان توڑتا ہے تو گزارا نہیں ہوسکتا، جہاں بے وفائی ہو وہاں گذارانہیں ہوسکتا، نکاح کا تقدس ہوتا ہے مجھے وہ تقدس نہیں دکھائی دیا‘‘۔

’عائشہ گلالئی سے میری کوئی دعا سلام نہیں‘

چیئرمین پی ٹی آئی پر سنگین الزامات لگانے والی عائشہ گلالئی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے ریحام خان نے کہا کہ عمران خان سے شادی کے پورے عرصے میں عائشہ گلالئی کبھی کسی تقریب میں نہیں آئیں۔

انہوں نے کہا کہ عائشہ گلالئی سے ان کی کوئی سلام دعا نہیں، اگر عائشہ کے پاس عمران خان کے خلاف کوئی ثبوت ہے توانہیں دکھانا چاہیے۔

ریحام خان نے یہ بھی کہا کہ پاکستان مسلم لیگ کے رہنما امیر مقام کے ساتھ بھی ان کی کوئی دعا سلام نہیں۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے پولیٹیکل سیکریٹری عون چوہدری کے حوالے سے ریحام خان نے کہا کہ ’’عون چوہدری ہمارے نکاح کےگواہ تھے انہیں ہمیشہ چھوٹا بھائی سمجھا ہے۔

ریحام خان نے کہا کہ عون چوہدری کو میرے خلاف بیانات دینے سے کوئی سیاسی پوزیشن نہیں ملے گی۔

آخر میں ریحام خان نے کہا کہ پاکستان سے ان کا رشتہ موجود ہے اور وہ پاکستان ضرور واپس آئیں گی۔

خیال رہے کہ گذشتہ دنوں ریحام خان نے بھارتی ٹی وی کو ایک انٹرویو دیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ عمران خان تیسری شادی بھی کر چکے ہیں لیکن وہ اسے چھپا رہے ہیں۔

ریحام خان نے کہا تھا کہ عمران خان کی جانب سے اپنی شادی چھپانے پر حیرت ہوئی کیونکہ جھوٹ بولنا ان کی عادت نہیں ہے لیکن عمران خان نے شادی کے بعد ایک ٹوئٹ کے ذریعے شادی کی تردید کر کے بھی جھوٹ بولا۔

ریحام خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو جانے کیسے صادق اور امین قرار دے دیا، وہ تو اپنی شادی کے معاملے پر بھی جھوٹ بولتے رہے ہیں۔

مزید خبریں :