عامر خان کی فلموں نے دنیا بھر میں بزنس کا منفرد ریکارڈ قائم کردیا

— فوٹو:فائل

بالی وڈ اداکار عامر خان اپنی فلموں کے ذریعے کئی ریکارڈز بناچکے ہیں اور ان کی فلموں نے ایک اور منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔

عامر خان بھارتی باکس آفس کے کنگ ہیں جنہوں نے اداکاری اور فلموں کے بزنس کے حوالے سے ایسے معیار قائم کردیے ہیں کہ وہاں تک پہنچنا ہر اداکار کے بس کی بات نہیں۔

اس دوڑ میں شاہ رخ خان بھی ناکام ہیں اور طویل عرصے سے ہٹ فلم کے منتظر ہیں۔

مسٹر پرفکیشنسٹ عامر خان بھارتی باکس آفس پر فلم ’دنگل‘ کے ذریعے اپنی دھاک بٹھا ہی چکے ہیں لیکن ساتھ ساتھ اسی فلم نے چین سمیت دنیا بھر میں بھی کمائی کے ریکارڈ بنائے تھے۔

اب عامر خان نے فلم نگری میں ایسا ریکارڈ بنایا ہے جس نے بالی وڈ کی ریکارڈ بُک کو الٹ پلٹ کر کے رکھ دیا ہے۔

عالمی باکس آفس میں بزنس کے اعتبار سے ٹاپ 10 فلموں میں عامر خان کی 5 فلمیں موجود ہیں جبکہ ٹاپ تھری میں تینوں فلمیں عامر خان کی ہیں۔

اس فہرست میں سب سے اوپر فلم ’’دنگل‘‘ موجود ہے۔

فلم ’دنگل‘ نے دنیا بھر میں 22 کروڑ 80 لاکھ 12 ہزار 603 ڈالر کی کمائی کرکے سرفہرست ہے جب کہ فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ 11 کروڑ 32 لاکھ 90 ہزار ڈالر کے ساتھ دوسرے، فلم ’پی کے‘ 4 کروڑ 72 لاکھ ڈالر کے ساتھ تیسرے اور ’دھوم 3‘ 3 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کمائی کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔

اس فہرست میں عامر خان کی 5، سلمان خان کی 3 اور شاہ رخ خان کی 2 فلمیں شامل ہیں۔  

یاد رہے کہ عامر خان کی فلم ’سیکرٹ سپر اسٹار‘ چین میں 25 روز کے دوران 719 کروڑ کا بزنس کرچکی ہے اور مزید کمائی کا امکان ہے۔

دوسری جانب سلمان خان کی فلم ’بجرنگی بھائی جان‘ بھی چین میں 2 مارچ کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی جس کے بعد امید کی جارہی ہے کہ یہ فلم عامر خان کا چین میں کمائی کا ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔  

مزید خبریں :