Time 15 فروری ، 2018
پاکستان

سینئر رہنماؤں نے نواز شریف کو موٹر وے سے جانے کی تجویز دی تھی، سعد رفیق

لاہور: وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ موٹر وے سے لاہور جانے کا بیان کسی ایک شخص سے منسوب کرنا مناسب نہیں، چار، پانچ سینئر رہنماؤں نے سیکیورٹی کی وجہ سے موٹر وے سے جانے کی تجویز دی تھی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز کے صدر نواز شریف نے سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔

سعد رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور بعض پارٹی رہنماؤں نے نواز شریف کو جی ٹی روڈ کا خطرہ مول نہ لینے کا مشورہ دیا تھا۔

سعد رفیق نے کہا کہ موٹر وے کے ذریعے لاہور روانگی کی تجویز سیکیورٹی خدشات پر دی گئی، جبکہ صحافیوں کے ایک وفد نے ان کو موٹروے سے نہ جانے کی تجویز دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ تجاویز کے بعد نواز شریف کی جی ٹی روڈ کے ذریعے روانگی کا فیصلہ کیا گیا۔

انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ نواز شریف اور چوہدری نثار کا معاملہ جلد حل ہوجائے گا۔

وزیر ریلوے کے مطابق نیب اصل لوگوں کے پیچھے نہیں جاتا، صرف سیاسی لوگوں کے گلوں پر ہاتھ ڈالتا ہے، سرخیاں بنانے کے لئے سیاسی لوگوں کو رگڑا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اصل فراڈ کرنے والے لوگ سرعام گھوم رہے ہیں، نیب کو انہیں بھی پکڑنا چاہیے۔

سعد رفیق نے کہا کہ ہم نیب کے پاس کیس لے کر گئے لیکن کوئی پیشرفت نہیں ہوئی، ہم اگر کوئی بات کرتے ہیں تو پھر توہین کا کہا جاتا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالتیں ہمیں بہت کم سنتی ہیں اور فیصلے آجاتے ہیں، جو فراڈ کرنے والے ہیں ان کا بھی تو احتساب ہونا چاہیے۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز چوہدری نثار نے کہا تھا کہ نواز شریف نے جی ٹی روڈ سے جانے کا فیصلہ صحافیوں کے ایک وفد سے ملاقات کے بعد کیا تھا۔

ترجمان چوہدری نثار کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ مری میں نواز شریف کی زیر قیادت ایک اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا تھا جس میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سمیت پارٹی کے 10 یا 11 اراکین موجود تھے۔

چوہدری نثار کے ترجمان کے مطابق ایک دو ارکان کے علاوہ پارٹی کی سینئر قیادت نے سیکیورٹی وجوہات کی بناء پر نواز شریف کو بذریعہ موٹر وے لاہور جانے کا مشورہ دیا تھا۔ اجلاس میں یہ بھی طے پایا تھا کہ ہر انٹرچینج پر نواز شریف کا استقبال کیا جائے گا۔

چوہدری نثار نے کہا کہ جہاں تک نواز شریف کو جہاز پر لاہور جانے کا مشورہ دینے کا تعلق ہے تو اس کا نواز شریف سے ہی پوچھا جائے البتہ مری کے اجلاس میں کسی نے بھی اس قسم کی بات نہیں کی تھی۔

مزید خبریں :