پاکستان
Time 16 فروری ، 2018

ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے، طلال چوہدری

اسلام آباد: وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ایگزیکٹ جعلی ڈگری اسکینڈل کے حوالے سے کیس میں کوئی کمی نہیں چھوڑی جائے گی اور کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہزیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈی جی وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) خود کیس کی نگرانی کررہے ہیں، کیس کی پیروی کی جارہی ہے اور کی جاتی رہے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ایف آئی اے نے اچھا کیس تیار کیا تھا، اگر اس میں کوئی کمی پیشی رہ گئی ہے تو اس میں بہتری لائی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے کی رپورٹ کی بناد پر ہی کیس چلتا آیا، جتنے ملزمان ہیں ان کو عدالتوں سے ضمانت ملی ہے جبکہ ان کی پراپیرٹیز بھی عدالت کے ہی فیصلوں پر واپس کی گئیں۔

طلال چوہدری نے کہا کہ کسی کی پراسیکیوشن میں کوئی کمی نہیں ہوگی، ہم نے سندھ ہائی کورٹ، اسلام آباد ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کر رکھی ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز کیس میں رشوت لے کر شعیب شیخ کو ضمانت پر رہا کرنے والے جج کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔

رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ راجہ جواد حسن عباس کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق معطل ایڈیشنل سیشن جج پرویزالقادر میمن کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پرویزالقادر میمن نے رشوت لے کر ایگزیکٹ کے چیف ایگزیکٹو شعیب شیخ کو بری کیا تھا اور سابق ایڈیشنل سیشن جج نے ایگزیکٹ کیس میں 50 لاکھ روپے رشوت وصول کرنے کا اعتراف کیا تھا۔

یکم ستمبر 2016 کو ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد پرویز عبدالقادر میمن نے ایگزیکٹ جعلی ڈگری کیس میں سی ای او ایگزیکٹ شعیب شیخ اور وقاص عتیق کی ضمانت دو دو لاکھ روپے کے مچلکوں کے عوض منظور کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔

مزید خبریں :