21 جولائی ، 2012
کراچی …کراچی میں سی آئی ڈی کے ڈی ایس پی اسرار اعوان گاڑی پر دہشت گرد حملے میں زخمی ہوگئے ،چار سال کے دوران ان پر یہ چوتھا حملہ ہے جس میں ان کے گن مین کو بھی گولیاں لگیں۔ پولیس کے مطابق ڈی ایس اپی اسرار اعوان آج دوپہر پٹیل پاڑہ میں اپنے گھر سے سی آئی ڈی دفتر جانے کیلئے روانہ ہوئے تھے کہ گھات لگائے ہوئے ملزمان نے اُن کی گاڑی پر اندھا دُھند فائرنگ کردی۔ جس سے انہیں دو گولیاں لگیں جبکہ ان کے گن مین اسرار خان بھی شدید زخمی ہوئے۔ اُنہیں اسی گاڑی میں نجی اسپتال پہنچایا گیا۔ اسرار اعوان چند سال قبل بھی پٹیل پارہ میں گھر کے قریب حملے میں شدید زخمی ہوگئے تھے، سی آئی ڈی سول لائن میں خود کش بم حملے میں بھی وہ شدید زخمی ہوئے۔ انہیں پی آئی ڈی سی چوک پر بھی فائرنگ سے نشانہ بنایا جاچکا ہے۔ اسرار اعوان پر آج چوتھا شدید حملہ کیا گیا، تاہم اس میں بھی محفوظ رہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے باعث سی آئی ڈی کے افسران کو دہشت گردوں کی جانب سے نشانہ بنایاجارہاہے ۔