21 جولائی ، 2012
لاہور…جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سید منور حسن نے کہا ہے کہ پاکستان اقوام متحدہ میں فوری طور پر جنرل اسمبلی کا اجلاس بلانے کی ریکوزیشن دے اور برما کی حکومت سے برمی مسلمانوں پر مظالم بند کرنے کامطالبہ کیا جائے۔ سید منور حسن نے برما میں جاری مسلمانوں کے قتل عام پر افسوس کااظہار کرتے ہوئے منصورہ سے جاری کردہ اپنے ایک بیان میں کہاہے کہ اب تک 30 ہزار سے زائد گھروں کو نذر آتش اور ہزاروں مسلمان زندہ جلائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہاہے کہ اقوام متحدہ سمیت عالمی امن کے نام نہاد ٹھیکیدار وں کو برما میں ہزاروں مسلمانوں کا قتل عام اور ان کو زندہ جلانے کے واقعات نظر نہیں آتے۔ چالیس لاکھ سے زائد مسلمانوں کو بدترین تعصب اور دہشتگردی کا سامناہے۔ لاکھوں اپنی جانیں بچانے کے لیے ہجرت پر مجبور ہیں مگر ان کو راستوں اور مہاجر کیمپوں سے پکڑکر زبردستی مرتد ہونے پر مجبور کیا جارہاہے۔ سید منورحسن نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ برما کے مسلمانوں کی زندگیاں بچانے کے لیے فوری طور پر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہاکہ برما کے حالات صرف مسلمانوں کے لیے نہیں بلکہ پوری مہذب دنیا کے انسانوں کے لیے لمحہ فکریہ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ اقوام متحدہ اپنا دوہرا معیار ترک کر کے مسلمانوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرے اور برما میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری طور پر نوٹس لیا جائے۔