Time 22 فروری ، 2018
کھیل

شہزاد رائے آئندہ پی ایس ایل پاکستان میں ہونے کیلیے پرامید

نامور گلوکار شہزاد رائے آئندہ برس پی ایس ایل کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب پاکستان میں دیکھنے کے لیے پُر امید ہیں۔

پی ایس ایل کے دوسرے سیزن کا آغاز آج سے یو اے ای میں ہونے جا رہا ہے اور اس حوالے سے تمام تر تیاریاں بھی کر لی گئی ہیں۔

گلوکاروں نے اپنے مداحوں کو پرجوش کرنے کےلیے گانے تیار کر لیے ہیں جب کہ کھلاڑیوں نے بھی چوکے چھکے لگانے اور وکٹیں اڑانے کے لیے آستینیں چڑھا لی ہیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ عوام میں پاکستان کے اندر کرکٹ دیکھنے کی اتنی بھوک ہے کہ لوگ مزید کرکٹ اور کنسرٹ دیکھنا چاہتے ہیں۔

شہزاد رائے کا کہنا تھا کہ دعا ہے کہ آئندہ برس پی ایس ایل کی افتتاحی اور اختتامی تقاریب پاکستان میں ہوں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ پی ایس ایل کے اس سیزن میں ملتان سلطانز اور کراچی کنگز کو سپورٹ کر رہے ہیں کیونکہ شعیب ملک سے ان کی دوستی ہے اور کراچی کنگز کے لیے گانا گایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی سے کراچی کنگز کے ٹائٹل سونگ کا کہا تو انہوں نے ابتداء میں مزاحمت کی کہ مجھ سے یہ نہیں ہو گا لیکن آخر کار انہوں نے کوشش کر کے گانا گایا۔

شہزاد رائے نے بتایا کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے ساتھ مل کر ’لو پھر سے ملے‘ گانا گایا ہے ، آفریدی نے اپنی لائنز دو سے تین منٹ میں گائیں اور وہ انہیں سننے کے لیے بے قرار ہیں۔

نامور گلوکار کا کہنا تھا کہ بچوں کے لیے اسکول میں تعلیم کے ساتھ اسپورٹس بھی بہت ضروری ہے اور جب تک اسکول کی سطح پر کھیلوں کو متعارف نہیں کرایا جا ئے گا تو اس وقت تک بین الاقوامی معیار کے کھلاڑی پیدا نہیں ہوں گے۔

مزید خبریں :