Time 24 فروری ، 2018
پاکستان

کراچی سے چین کی سرکاری کمپنی کے مقامی پارٹنر کا بیٹا لاپتا

مغوی بازیابی کے لیے کوشش کی جارہی ہے: سی پی ایل سی چیف، فوٹو/ فائل

کراچی: چین کی سرکاری جائنٹ شپنگ لائن کے مقامی پارٹنر کا بیٹا پرسرار طور پر صدر کے علاقے سے لاپتا ہو گیا۔

چین کی شپنگ کمپنی کو گوادر بندرگاہ آپریشنل کرنے کے اعلان کے بعد خطرات کا سامنا ہے، دو ہفتے قبل اسی شپنگ لائن کے چینی کنٹری ہیڈ کو قتل کر دیا گیا تھا اور اب کمپنی کے مقامی پارٹنر کا بیٹا کراچی کے علاقے صدر میں پریڈی کوارٹرز کے قریب سے لاپتا ہوگیا ہے۔

سی پی ایل سی کے سربراہ کا واقعے سے متعلق کہنا ہےکہ مغوی ثاقب احمد کی بازیابی کے لیے کوشش کی جارہی ہے اور اس حوالے سے چند دن میں اہم پیشرفت ہوگی۔

ذرائع کے مطابق چین کی شپنگ لائن چائنا ہولڈنگ کمپنی گوادر کی ممبر کمپنی نے گوادربندرگاہ سے پہلی مرتبہ کمرشل سروس ہفتہ وار بنیادوں پر شروع کرنے کا اعلان کرکے خطے کی اہم ترین بندرگاہ عملی طور پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، گوادر جبل علی سروس 7 مارچ سے شروع کی جائے گی۔

شپنگ ذرائع کے مطابق چینی شپنگ کمپنی نے خلیج فارس کی ایک بندرگاہ کو چند ماہ پہلے اپنے کاروبار کا کچھ حصہ گوادر منتقلی کا عندیہ دیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہےکہ لگتا ہے سی پیک کے خلاف دشمن ناکام کوشش کر رہے ہیں لہٰذا پاکستان کو صرف مشرق ہی نہیں بلکہ قریبی مغرب پر بھی نگاہ رکھنی چاہیے۔

مزید خبریں :