Time 24 فروری ، 2018
کھیل

ایتھلیٹ ہوتی تو عمران خان جیسا کرکٹر بننا پسند کرتی، ماہرہ خان


معروف پاکستانی اداکارہ اور پشاور زلمی کی برانڈ ایمبیسڈر ماہرہ خان کا کہنا ہے کہ اگر وہ ایتھلیٹ ہوتیں تو کرکٹر بننا پسند کرتیں اور ان کی کوشش ہوتی کہ وہ عمران خان جیسی کرکٹر بنیں۔

جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ میں اسپورٹس ویمن نہیں ہوں لیکن میری خواہش ہے کہ میں ایک ایتھلیٹ ہوتی۔

ماہرہ خان نے کہا کہ اسپورٹس شخصیت ہونا بھی اداکاری کی طرح ہی ہے، جب آپ اچھا پرفارم کرتے ہیں تو لوگ خوش ہوتے ہیں اور جب آپ اچھا پرفارم نہیں کرتے تو پھر آؤٹ ہو جاتے ہیں۔

بالی وڈ فلم ’’رئیس‘‘ میں شاہ رخ خان کے ہمراہ اداکاری کے جوہر دکھانے والی اداکارہ نے مزید کہا کہ کرکٹ اور فٹبال کو میرے خاندان میں بہت زیادہ پسند کیا جاتا ہے۔

کرکٹ کے ذریعے دنیا بھر میں پاکستان کا اچھا تاثر پیش کرنے کے حوالے سے پاکستانی اداکارہ نے کہا کہ اس کے لیے ضروری ہے کہ پہلے قوم اپنے اندر اپنے ملک کا اچھا ثاثر پیدا کرے، اسی طرح سے ہم دنیا کے سامنے ملک کا اچھا تاثر پیش کر سکتے ہیں۔

ماہرہ خان نے پاکستان میں کرکٹ کی واپسی کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا اور امید ظاہر کی کہ پاکستان میں کھیلوں کے میدان آباد ہوجائیں گے۔

مزید خبریں :