پاکستان
Time 25 فروری ، 2018

عمران خان کا فیصل سبحان کی بازیابی کے لیے تلاش گمشدہ مہم چلانے کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چینی حکام کے سامنے کیپیٹل انجینئرنگ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے بیان کو شہباز شریف کا پاناما قرار دے دیا اور کہا کہ ملتان میٹرو بس منصوبے میں کرپشن کا انکشاف کرنے والے فیصل سبحان کو لاپتہ کردیا گیا ہے۔

عمران خان نے فیصل سبحان کی گمشدگی کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کیا اور ساتھ ہی فیصل سبحان کی بازیابی کے لیے "تلاش گمشدہ" مہم چلانے کا بھی اعلان کردیا۔

سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں عمران خان نے کہا کہ ’’شہباز شریف کی پانامہ لیکس اب منظر عام پر آئی ہے،کیپیٹل کنسٹرکشن نامی کمپنی کے سربراہ فیصل سبحان نے ملتان میٹرو منصوبے میں کرپشن کی تحقیقات کرنے والے چینی حکام کے سامنے اعتراف کیا ہے کہ شہباز شریف اور ان کے خاندان کے بیرون ملک اکاؤنٹس میں بھاری کمیشن منتقل گیا‘‘۔

عمران خان نے مزید لکھا کہ ’’اس اعتراف کے بعد فیصل سبحان کو غائب کردیا گیا اور میں اس گمشدگی کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتا ہوں‘‘۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ’’پنجاب کی نوکر شاہی کا کردار بے نقاب ہونے کے بعد میری سپریم کورٹ سے استدعا ہے کہ میڑو اور اورنج لائن منصوبوں کے معاہدے بھی قوم کے سامنے لائے جائیں‘‘۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شفافیت کے تمام تقاضے بالائے طاق رکھتے ہوئے اربوں روپے مالیت کے ان منصوبوں کو خفیہ تجوریوں میں چھپائے رکھنا ناقابل قبول ہے۔

مزید خبریں :