22 جولائی ، 2012
کراچی … کراچی سمیت ملک کے دیگر شہروں میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر عوام کی شکایت ماہ صیام کے دوسرے روز بھی برقرار رہی، کہیں ضروری اشیاء نہیں تو کہیں سبسڈی والی اشیاء خریدنے کیلئے دیگر سامان خریدنا بھی لازمی قرار دیدیا گیا ہے۔ حیدرآباد، میرپورخاص اور نوابشا ہ میں یوٹیلیٹی اسٹورز پر صبح سے ہی رش لگارہا۔حیدرآباد میں شہریوں نے الزام لگایا کہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر ضرورت کے مطابق اشیاء نہیں دی جارہیں، سستی اشیاء کی مطلوبہ مقدار دستیاب نہیں۔ لاڑکانہ میں شہریوں کا کہنا ہے کہ شہر میں قائم 7یوٹیلیٹی اسٹورز پر صارفین کو سبسڈی والی اشیاء خریدنے کیلئے دیگر سامان کی خریداری پر بھی مجبور کیا جارہا ہے۔ گھوٹکی، رحیم یار خان، گوجرانوالہ اور ملتان میں صورتحال بہتر ہے، یہاں چینی، بیسن اور رمضان المبارک سے جڑی دیگر اشیاء دستیاب بھی ہیں اور ان پر سبسڈی بھی دی گئی ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان ریجن میں ایک سوسے زائد یوٹیلیٹی اسٹورز پر آج صبح سے رش ہے اور لوگ بڑی تعداد میں اپنی ضرورت کی اشیاء خریدرہے ہیں اور لوگ عید پیکیج کے تحت مستفید ہورہے ہیں۔ سوات میں یوٹیلیٹی اسٹورز کی اشیاء پر گزشتہ سال کے مقابلے میں 40 سے 50فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے،جس سے شہری پریشان ہیں۔ آزاد کشمیر کے شہر میرپور میں حکومت پاکستان کے یوٹیلیٹی اسٹورز بند پڑے ہیں۔ انتظامیہ نے یوٹیلیٹی اسٹور کے باہر سرپرائز آڈٹ کا بورڈ لگا کر بند کر رکھا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ سرپرائز آڈٹ کا بورڈ اسٹور انتظامیہ نے عام لوگوں کیلئے لگا رکھا ہے، بااثر طبقے کو یہاں سے سودا سلف دیا جا رہا ہے۔