پاکستان
22 جولائی ، 2012

امریکا پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے، نواز شریف

امریکا پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی پر نظر ثانی کرے، نواز شریف

اسلام آباد … امریکا کے پاکستان میں سبکدوش ہونے والے سفیر کیمرون منٹر نے مسلم لیگ ن کے سربراہ نوازشریف سے ملاقات کی ہے، نواز شریف کا کہنا ہے کہ امریکا پاکستان سے متعلق اپنی پالیسی پر نظرثانی کرے۔ مسلم لیگ ن کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق امریکا کے پاکستان میں سبکدوش ہونے والے سفیر کیمرون منٹر نے اسلام آباد میں نوازشریف سے الوداعی ملاقات کی ہے۔ ملاقات کے دوران گفت گو کرتے ہوئے نوازشریف نے امریکا پر زور دیا کہ وہ پاکستان کے حوالے سے اپنی پالیسیاں اس انداز میں بنائے جس سے پاکستان میں جمہوری ادارے مضبوط تر ہوں اور پاکستان کا غیر ملکی امداد پر کم سے کم انحصار ہو۔ نواز شریف نے کہا کہ امریکا باہمی احترام اور باہمی اعتماد کی پالیسی پر عمل کرے، باہمی احترام اور باہمی اعتماد کی پالیسی سے پاک امریکا تعاون بحال ہو سکتا ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ ایسی پالیسی سے ہی خطے میں امن اور استحکام کا مقصد حاصل ہوسکتا ہے۔ اس موقع پر سبکدوش ہونے والے امریکی سفیر کیمرون منٹر نے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی تبدیلیوں سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے کہ پاکستان صحیح سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ ملاقات کے دوران امریکی سفیر کی اہلیہ اور اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔

مزید خبریں :