پاکستان
22 جولائی ، 2012

حکومت ذخیرہ اندوزی ومنافع خوری روکنے میں ناکام ہوچکی، منور حسن

حکومت ذخیرہ اندوزی ومنافع خوری روکنے میں ناکام ہوچکی، منور حسن

لاہور … امیر جماعت اسلامی پاکستان سید منور حسن نے کہاہے کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو روکنے میں ناکام ہو چکی ہیں، مہنگائی کے جن نے غربت کے مارے عوام کو پوری طرح اپنے خونی پنجوں میں دبوچ لیاہے اب چیف جسٹس سے ہی امید کی جاسکتی ہے کہ وہ عام آدمی کو تحفظ دینے کیلئے از خود نوٹس لیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اتوار کے روز منصورہ میں وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہوشربا مہنگائی سے غریب کیلئے سحری و افطاری کا انتظام کرنا ممکن نہیں رہا، پرائس کنٹرول کمیٹیوں اور سستے بازاروں کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا جارہا ہے۔ سید منور حسن نے کہاکہ حکمران آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 10 روپے کمی کر کے کروڑوں روپے اپنی ذاتی تشہیر پر لگا دیتے ہیں۔ سید منورحسن نے سپریم کورٹ سے مطالبہ کیاکہ فوری طور پر از خود نوٹس لے کر عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹنے والوں کا محاسبہ کیا جائے اور نااہلی کی مرتکب حکومتوں کو قیمتیں کم کرانے، خود نرخ مقرر کر کے ان پر سختی سے عملدرآمد کروانے کا پابند بنایا جائے۔

مزید خبریں :